حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کرتے ہوئے باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر اس سال کے حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل ابھی مکمل بھی نہیں ہوا ہے کہ حج کمیٹی نے اگلے سال یعنی 2027 کے مقدس سفر کے لیے 11 ماہ قبل ہی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) شہنواز سی کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق، پیر 22 جون 2026 سے آن لائن درخواستیں جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور فارم بھرنے کی آخری تاریخ 20 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ عازمین حج کی سہولت کے لیے ریاستی حج کمیٹیوں کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ فارم بھرنے کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔
مرکزی حج کمیٹی کے اس فیصلے پر مسلم کمیونٹی اور عازمین حج کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی کئی عازمین نے یہ تشویش ظاہر کی ہے کہ حج فلائٹ سے تقریباً ایک سال قبل کارروائی شروع کرنے اور کروڑوں روپے کی رقومات مہینوں پہلے جمع کرانے کا عام حجاج کو کیا فائدہ پہنچ رہا ہے۔ عازمین کا کہنا ہے کہ وقت سے بہت پہلے تمام ضابطے پورے کرانے اور بھاری رقومات ہڑپنے کے باوجود نہ تو مکہ اور مدینہ میں سہولیات میں کوئی اضافہ ہوتا ہے اور نہ ہی حج اخراجات میں کوئی کمی آتی ہے۔ اس عوامی تشویش اور سوالات کے جواب میں حج کمیٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام تبدیلیاں اور عجلت سعودی حکومت کی نئی ہدایات اور وہاں کے لاجسٹک نظام کے تحت کی جا رہی ہیں تاکہ ویزا اور رہائش کے انتظامات وقت پر مکمل کیے جا سکیں۔
حج کمیٹی کے اعلان کے مطابق، تمام عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کی آفیشل ویب سائٹ یا نئی موبائل ایپلی کیشن ‘حج سویدھا ایپ’ کے ذریعے اپنی آن لائن درخواستیں درج کر سکتے ہیں۔ درخواستیں 20 جولائی کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک قبول کی جائیں گی۔ اس کے بعد جولائی کے آخری ہفتے میں ہی ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن یعنی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی جس کے ذریعے کامیاب عازمین کا انتخاب ہوگا۔ قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے خوش نصیب عازمین کو 10 اگست 2026 تک پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ 52 ہزار 300 روپے ایڈوانس جمع کرانے ہوں گے۔ کمیٹی نے اپنے سرکیولر میں سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس بار تاریخوں میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی، اگرچہ ماضی کا ریکارڈ گواہ ہے کہ ریاستی کمیٹیوں کی سفارش پر تاریخوں میں کئی بار توسیع کی جاتی رہی ہے۔
ریاستی سطح پر عازمین کی رہنمائی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مہاراشٹر حج کمیٹی کے ممبئی میں واقع دفتر ‘مسافر خانہ’ سمیت مختلف ریاستوں کے دفاتر میں عازمین کے فارم مفت اور صحیح طریقے سے بھرنے کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ عازمین کی سہولت اور فارم بھرنے کی مختصر مدت کے پیش نظر حج کمیٹی کے دفاتر کو سنیچر اور اتوار یعنی ہفتہ وار تعطیلات کے دنوں میں بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ملازمت پیشہ اور دور دراز کے لوگ آسانی سے اپنے دستاویزات جمع کرا سکیں۔
حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام درخواست گزاروں کو خصوصی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی درخواستیں جمع کرنے سے قبل گائیڈ لائنز اور لازمی دستاویزات کی فہرست کا باریک بینی سے مطالعہ کر لیں۔ پاسپورٹ کی مدت، میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اور بینک تفصیلات میں کسی بھی قسم کی غلطی کی صورت میں درخواست کو فوری طور پر مسترد کر دیا جائے گا۔ کمیٹی نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری دنوں کے رش اور تکنیکی خرابیوں سے بچنے کے لیے وقت رہتے اپنے فارم مکمل کر لیں۔




