وشنو ناگر
امت شاہ نے پارلیمنٹ میں بتایا، بتایا کیا فرمایا اور فرمایا بھی کیا فیصلہ سنایا اور فیصلہ بھی کیا سنایا ، نفرت کی آگ لگائی کہ مہاجر کون ہے اور درانداز کون؟ مودی-شاہ-سنگھ اینڈ کمپنی ایک ہی لکیر کے فقیر ہیں کہ جو ہندو پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے یہاں بسنے آئے وہ مہاجرین اور مسلمان دنیا میں کہیں سے بھی آئیں وہ درانداز ہیں!
بی جے پی اور سنگھ والے کسی بھی طرح کی پیچیدگی ویچیدگی، آئین وائین کے چکر میں نہیں پڑتے، محض اتنا جانتےہیں جتنا انہیں پڑھایا جاتا ہے۔ اس سے زیادہ جاننے کی زحمت بھی یہ نہیں کرتے ۔ گروجی ان سے کہہ گئے ہیں کہ بچو! جس نے بھی ہمارا پڑھایا ہوا سبق سیکھ لیا تو سمجھو وہ سچا ہندو بن گیا اور جس نے اس سے زیادہ سیکھ وہ برباد ہو گیا، گاندھی ، نہرو، امبیڈکر، مولانا آزاد بن گیا۔ لہذا وقت برباد مت کرو۔ ہندوتوا کی خدمت کرو، مسلمانوں سے نفرت کرنا سیکھو اور سکھاؤ۔ ایسا نہ کرنا ہندو راشٹر کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش میں شامل ہونے کے مترادف ہے۔
ان کے پاس زیادہ دماغ نہیں ہے اور نہ ہی انہیں اس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے طالب علمی کے دور میں نقل کرکے امتحان پاس کیا ہے یا اپنے اعلی قائد کی پیروی میں جعلی ڈگری حاصل کی ہے۔ لہذا ، وہ ویدوں اور پرانوں کے بارے میں بات کریں گے لیکن انھوں نے ان کی شکل تک نہیں دیکھی۔ گیتا کے بارے میں بات کریں گے لیکن امتحان پاس کرنے کے لئے جن لوگوں نے ’گائیڈ بک ‘ تک کو پڑھنے کو ’ہندو وقار ‘ کے خلاف گردانا وہ گیتا کیسے اور کیوں پڑھیں گے؟ اس کے علاوہ دنیا میں ان کے پڑھنے کے لئے کچھ ہے بھی نہیں ۔ لہذا ، ان کی عقل انہتر سال کی عمر میں بھی چوتھی جماعت فیل طالب علم کے جتنی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے ہر مسئلے کو حل کرنے کے لئے ان کے پاس صرف ایک فارمولا ہے، ہندو مسلم ، ہندوستان پاکستان۔ حالانکہ اب کچھ ’وکاس‘ (ترقی) کر کے یہ ہندوستان – بنگلہ دیش ، ہندوستان – افغانستان بھی پہنچ گئے ہیں۔
مودی جی جس ’وکاس‘ کی بات کرتے ہیں وہ وکاس یہی ہے۔ اب کوئی اس کو دیکھنے سے انکار کرے اور کہے کہ مودی جی نے کوئی وکاس نہیں کیا نہ تو مودی جی کا قصور ہے اور نہ ہی وکاس کا ۔ وہ سچ کہتے ہیں کہ ( اس سمت میں) 70 سالوں میں بھی اتنی تیز رفتار سے وکاس نہیں ہوا! اور تو چھوڑو ، اٹل جی بھی نہیں کر پائے ورنہ مودی جی کو ہاتھ پر ہاتھ اور پیر پر پیر رکھے بیٹھے رہنا پڑتا۔ ان کے سارے کپڑے برباد ہوجاتے، ان کا فنِ تقریر ضائع ہو جاتا ، وزیر اعظم بے معنی ہو جاتے ، اب کم از کم معیشت سمیت برباد کرنے کے لئے بہت کچھ ہے! برباد کرنے کا بھی اپنا ایک مزہ ہے ، جو یہ کشمیر کے بعد اب آسام میں اٹھا رہے ہیں۔ وہ خود گائے کا ’دودھ ‘ پی رہے ہیں اور عوام کو اپنی حماقت کا ’گوبر‘ پروس رہے ہیں۔
دنیا کو 1925 سے لے کر آج تک خواہ یہ خیال ہو کہ وہ کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے ، بڑے دانشور خواہ یہ کہتے ہوں کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا مگر انہیں برطانوی ہندو مسلم منافرت کے فارمولے سے سب سمجھ میں آ جاتا ہے ۔ معاشی بدحالی ہو ، بیروزگاری ہو ، کسانوں کی خودکشی ہو ، ماحولیاتی آلودگی ہو ، فارمولا ایک ہے ۔ ہندو -مسلم ، ہندوستان -پاکستان!
دراندازوں کو ڈھونڈنے کی کوشش پہلے آسام میں ہوئی ، اب وہ آسام سمیت پورے ملک میں کرنا چاہتے ہیں ، جبکہ درانداز یہ خود ہیں۔ کہیں جانے کی ضرورت نہیں تھی ، آئین و قانون میں کسی ترمیم کی ضرورت نہیں تھی ، شہریت کے رجسٹر کی ضرورت نہیں تھی۔ ہماری محنت کی کمائی کا ایک پیسہ خرچ کرنے کی لازمیت نہیں تھی ، کسی دستاویزات کی جانچ پڑتال کرنے ، کسی کے مذہب ، ذات ، ملک ، شہریت کے سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
آج ، اصل درانداز ہی مہاجرین اور دراندازوں کے مذہب پر مبنی ایک نئی تعریف کے ساتھ سامنے آئے ہیں اور اکثریت کے ساتھ پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں اور ملک کو جلا رہے ہیں۔ وزیر اعظم بننے کے لئے ، وزیر اعلی نے حلف لیا کہ ’’میں آئین کے ساتھ حقیقی عقیدت اور وفاداری کروں گا ، میں آئین اور قانون کے مطابق بغیر کسی خوف بلاتفریق، پیار اور بدنیتی کے لوگوں کے ساتھ انصاف کروں گا‘‘ لیکن کر وہی رہے ہیں جو آئین کے منافی ہے۔ امبیڈکر قابل احترام ہیں ، ان کا آئین واجب القتل ہے! وہ گاندھی کی سمادھی پر غمگین چہرہ لے کر جائین گے اور گوڈسے کے ’بھگتن ‘ کو پارلیمنٹ میں بیٹھائیں گے۔
آئین میں دراندازی کرنے والے، جنگ آزادی کی مخالفت کرنے والے ، اب ایک مہاجر اور درانداز کا فرق بتا رہے ہیں! ہماری توجہ ان کی طرف نہ چلی جائے، اس لئے یہ شور مچارہے ہیں۔ آپ نے وہ کہانی سنی ہوگی ، جب چور ہی چور پکڑنے والی بھیڑ میں داخل ہو کر چور چور چلانے لگتا ہے۔ یہ اسی کی اصل اولاد ہیں، کوئی شک ہو تو ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرو ا کے دیکھ لیجیئے!
مضمون نگار کی رائے سے ادارہ کا متفق ہوناضروری نہیں ہے
جواب دیں