بھٹکل کی معروف شخصیت جناب دامودی عبد الحمید انتقال کر گئے

بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل کی ممتاز شخصیت، جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے نائب صدر دوم اور مولانا ابوالحسن علی حسنی ندوی کے ٹرسٹی جناب دامودی عبد الحمید صاحب کا 95 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ ان کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی بھٹکل اور اطراف کے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ إنا لله وإنا إليه راجعون۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور علی پبلک اسکول سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی میت بندر روڈ، فرسٹ کراس واقع ان کی رہائش گاہ "نور محل” میں رکھی گئی ہے، جہاں پسماندگان اور عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
جناب دامودی عبد الحمید صاحب کا شمار علاقے کی ان مخلص ترین شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی طویل زندگی کا ایک بڑا حصہ قوم و ملت اور دینی اداروں کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ وہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے نائب صدر دوم ہونے کے ساتھ ساتھ مولانا سید ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی اور علی پبلک اسکول بھٹکل کے ٹرسٹی بھی تھے۔ انہوں نے مختلف دینی و تعلیمی اداروں کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ کلیدی اور قائدانہ کردار ادا کیا۔
مرحوم انتہائی نیک دل، صوم و صلوٰۃ کے پابند اور مخلص انسان تھے۔ 95 سال کی ضعیف عمری میں بھی ان کا روزمرہ کا معمول ذکر و اذکار اور پابندیِ وقت کے ساتھ عبادات الٰہی سے جڑا ہوا تھا۔
علماء کرام، دانشوروں اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملت کا ایک بڑا خسارہ قرار دیا ہے۔ دعا کی جا رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کی گراں قدر دینی و تعلیمی خدمات کو قبول کرتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور جملہ پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق دے۔ آمین۔

شیئر کریں۔