کاروار (فکروخبر نیوز) ہندوستانی محکمہ موسمیات (IMD) نے ساحلی کرناٹک کے سمندری حصوں میں 17 اور 18 مئی کو تیز طوفانی ہواؤں اور سمندری لہروں کی شدت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ نے ماہی گیروں کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں سمندر میں نہ اتریں۔
رپورٹ کے مطابق، اس دوران سمندر میں 40 سے 50 کلومیٹر اور بعض اوقات 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتار سے طوفانی ہوائیں چل سکتی ہیں۔ سمندر میں پیدا ہونے والے اس تبدیلی اور اونچی لہروں کے پیشِ نظر ماہی گیروں اور کشتیوں کی حفاظت کے لیے ساحلی پٹی پر ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ موسم کی اس تبدیلی کے نتیجے میں 19 مئی سے 21 مئی کے دوران پورے ساحلی کرناٹک میں موسلادھار بارش کا قوی امکان ہے۔ انتظامیہ نے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں اور ماہی گیروں کو طوفان اور لہروں سے محفوظ رہنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی صلاح دی ہے۔




