بنگلورو (فکروخبرنیوز) بنگلورو کے فریڈم پارک میں 8 اکتوبر کو ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظر ثانی (SIR) اور خواتین صحافیوں پر مبینہ حملے کے خلاف ایک وسیع عوامی مظاہرے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ (CJP) اور ریاست بھر کی سول سوسائٹی تنظیموں کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس پروگرام میں معروف اداکار اور سماجی کارکن پرکاش راج بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق پروگرام کا آغاز صبح 10:30 بجے ‘پیپلز ٹریبونل’ (عوامی عدالت) سے ہوگا، جہاں کرناٹک کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وہ متاثرین اپنے مسائل رکھیں گے جن کے نام ووٹر لسٹ سے مبینہ طور پر غلط طریقے سے خارج کر دیے گئے ہیں۔ اس کے فوراً بعد دہلی کے جنتر منتر پر پولیس کے ہاتھوں خواتین صحافیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے خلاف ایک ‘چپل پروٹسٹ’ بھی درج کرایا جائے گا۔
سی جے پی کے کو- کنوینر آشتوش رانکا، بانی ابھجیت دیپکے اور ترجمان سوربھ داس سمیت دیگر نوجوان لیڈران اس احتجاج کی قیادت کریں گے۔ معروف اداکار پرکاش راج نے سوشل میڈیا پر عوام سے بڑی تعداد میں فریڈم پارک پہنچنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کی حفاظت اور ووٹر لسٹ کی گڑبڑیوں کے خلاف شہریوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مظاہرین کا بنیادی مطالبہ ہے کہ SIR کے عمل کے تحت کاٹے گئے تمام ووٹرز کے نام بحال کیے جائیں، نظر ثانی سے پہلے کی ووٹر لسٹ کو برقرار رکھا جائے اور انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشنر گیانیش کمار عہدے سے مستعفی ہوں۔ واضح رہے کہ اس مہم کے تحت 10 اکتوبر کو دہلی کے جنتر منتر پر بھی ایک بڑے مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔




