وہ مر گئے، آوازیں زندہ ہیں
عمار عبد الحمید لمباڈا
آج سے تقریبا 15 سال قبل جب میں عربی دوم یا سوم میں تھا مجھے کچھ خاص موضوعات پر تقاریر کی ضرورت ہوئی تو ایک استاد کی خدمت میں حاضر ہوا انہوں نے میری رہنمائی ایک نئی دنیا کی طرف کردی جہاں ہمارے بہت سارے اکابر اپنی آوازوں کے ساتھ زندہ تھے، میری تلاش پر مجھے مولانا ابو الکلام آزاد، نواب بہادر یار جنگ، قاری محمد طیب صاحب، حضرت مولانا ابو الحسن علی ندوی صاحب اپنی آوازوں میں اپنے علم کے دریا بہاتے ہوئے مل گئے، اور میں نے ان کی تقاریر سے استفادہ شروع کیا۔
اس کے بعد جب بھی سائبر کیفے جانا ہوتا بھٹکلیس کا ویزٹ لازم ہوتا اور کیوں نہ ہو اس خزانہ میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔
بھٹکلیس ڈاٹ کام کا مختصر تعارف
www.bhatkallys.com/ur
آج سے بیس سال قبل بھٹکل کے اولین کمپوٹر انجینیر جناب محسن شابندری صاحب نے بھٹکل کے مسلمان نوجوانوں کے کیریر گائڈنس کی غرض سے یہ ویب سائٹ شروع کی تھی۔ اور پھر اس کے چند ہی دنوں میں مولانا عبد المتین منیری صاحب کی شراکت سے اس میں چار چاند لگ گیے، مولانا نے اس میں مندرجہ ذیل شعبوں کا اضافہ کیا۔
• اردو میں تازہ خبروں اور مضامین کی ویب سائٹ جو اخبار و افکار ڈاٹ کام کے مستقل عنوان سے بھی رجسٹرڈ ہے۔ اس میں دوسرے مستقل سلسلوں کے ساتھ گذشتہ پانچ سال سے ہر ہفتہ پابندی سے مولانا عبد الماجد دریابادیؒ کی سچی باتیں پوسٹ ہورہی ہیں۔ اور اسی پر مولانا عبد المتین منیری صاحب کے کالم اور مضامین شائع ہوتے ہیں۔
اس کا ایک دوسرا شعبہ
• اردو آڈیو ڈاٹ کام ہے
www.urduaudio.com
اس میں 1940 سے ابتک گزرنےو الے پانچسو سے زیادہ عظیم علماء دانشواران اور شعراء کی آواز میں ریکارڈ شدہ درس وتقاریر ، حمد ونعت اور کلام شائع ہوتے ہیں۔
یہ اردو کی پہلی ویب سائٹ ہے جس میں پابندی سے بھٹکل ، بنگلور، اور چنئ(مدراس) کی چھ مساجد سے خطبات جمعہ فورا پوسٹ ہوتے ہیں۔ اسی سائٹ پر پہلے پہل حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتھم کی ہفتہ وار مجالس فورا پوسٹ ہونی شروع ہوئی تھیں۔ اور بنگلور اوربھٹکل کے دو عظیم خطیبوں مولانا ریاض الرحمن رشادی رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا عبد الباری ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے خطبات نماز جمعہ کے فورا بعد پوسٹ ہوتے تھے، اور استفادہ کے لئے یہ سیکڑوں خطبات اب بھی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
اس ویب سائٹ پر مولانا ابوالکلام آزادؒ۔ نواب بہادر یار جنگؒ، حضرت حکیم الاسلام قاری محمد طیب ؒ۔ جگر مراد آبادی، بہزاد لکھنوی، مولانا قاری ودود الحی لکھنویؒ جیسی سیکڑوں عظیم شخصیات کی آوازیں محفوظ ہیں۔ مولانا عبد المتین منیری صاحب یہ صوتی مواد 1976 سے اکٹھا کررہے ہیں۔ مولانا منیری صاحب نے ۱۹۷۰ میں جامعہ اسلامیہ سے عربی چہارم مکمل کر کے جمالیہ عربک کالج مدراس میں تعلیم مکمل کی۔ اس اعتبار سے مولانا نے عالمیت سے فراغت کے ساتھ ہی گویا یہ مواد جمع کرنا شروع کر دیا تھا۔
اس آڈیو سائٹ کی اردو اور انگریزی میں اردوآڈیو urduaudio کے نام سے ایک موبائل ایپ بھی گوگل اسٹور اور ایپل اسٹور پر دستیاب ہے، فنی طور پر یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ایپ ہے۔ یہ سفر وحضر میں بہترین ساتھی بن سکتی ہے۔ اور مجھے یاد ہے سال گزشتہ میرا ایک جگہ جانا ہوا سفر طویل تھا اور بندہ ناتواں، اکثر سفر میں قے کی پریشانی لیکن اس بار تین گھنٹے مستقل گاڑی چلتی رہی اور بندہ سکون سے بیٹھا رہا تو گھر والوں نے دریافت کیا کہ وجہ کیا ہے ؟ جواب تھا اس وقت میں گاڑی میں نہیں مولانا ماہر القادری کی مجلس میں بیٹھا ہوں اور ماہر جیسے ماہر الکلام کی محفل میں بھلا کون قے کرے گا وہ سمجھے نہیں تو میں نے اردو آڈیوز ڈاٹ کام کا تعارف کرایا اور اب اکثر سفر کی دشواریاں ادب و فن کی تازگی سے بدل جاتی ہیں۔
بھٹکلیس ڈاٹ کام اور اردو آڈیو ڈاٹ کام میں مولانا منیری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ شروع میں مولانا نے قدیم علما کی تقریروں کے خزانے، قدیم شعرا کا کلام اور نایاب تحقیقی و علمی مواد کو آڈیو کیسٹس کے ذریعے اور اب انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں پہنچا رہے ہیں اور اس کے ذریعے صحیح فکر اور پیغام کو عام کر رہے ہیں حقیقت یہ ہے کہ مولانا نے ہمیشہ کے لئے خاموش ہو جانے والے اکابر کی آوازوں کو ہمیشہ کے لئے زندہ کردیا ہے، نیز ملک کے موقر، قدیم علمی و ادبی مجلات کو اس کے انڈکس کی تیاری کے ساتھ ویب سائٹ پر لانچ کرنا بھی مولانا منیری کا محبوب مشغلہ ہے ۔
• اردو ویژن ڈاٹ کام یا بھٹکل ٹی وی ڈاٹ کام
www.urduvision.com
www.bhatkaltv.com
یہ بھٹکلیس کا یوٹیوب چینل ہے، جس میں اردو آڈیو ہی کی طرح قیمتی علمی و ادبی مواد پوسٹ کیا گیا ہے۔ اس میں پانچ سو سے زیادہ پروگرام عام استفادہ کے لئے محفوظ ہیں۔
بھٹکلیس ڈاٹ کام ہندوستان کی پہلی ویب سائٹ ہے جس میں ڈاٹا بیس کو بنیاد بنایا گیا ہے، اور اس میں تصاویر کے بجائے ٹیکسٹ میں مواد پوسٹ کیا جاتا ہے۔
ایسے عظیم کام انجام دینے والے بھٹکلیس ڈاٹ کام کے آفس جانے اور اس کے مشاہدہ کی خواہش ادھوری رہ گئی سوئے اتفاق اور وقت کی قلت نے ہمیں بھٹکلیس کے دفتر جانے سے روک دیا۔
14؍ جمادی الأولی 1443 ہجری
19 دسمبر 2021 عیسوی
چلتے ہو تو بھٹکل چلیے قسط 1
چلتے ہو تو بھٹکل چلیے قسط 2
چلتے ہو تو بھٹکل چلیے (3)
چلتے ہو تو بھٹکل چلیے(4)
چلتے ہو تو بھٹکل چلیے قسط (5)
چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 7 )
چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 8 )
جواب دیں