نیویارک:(فکروخبر/ذرائع) کرپٹو کرنسی کی دنیا میں ایک بار پھر زبردست ہلچل مچی ہے کیونکہ دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت ایک لاکھ 11 ہزار 529 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق، بٹ کوائن کی قدر میں صرف ایک روز میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس تیزی کی کئی وجوہات ہیں جن میں امریکہ میں کرپٹو کرنسی کے ضوابط میں بہتری اور بڑے اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کا بڑھتا ہوا رجحان شامل ہے۔
کرپٹو ریسرچ کمپنی کوائن شیئرز کے ماہر جیمز بٹرفل نے کہا کہ ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنا اس اضافے کی بنیادی وجہ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بٹ کوائن کی قیمت میں یہ اضافہ امریکی اسٹاک مارکیٹ کی کمی کے باوجود ہوا ہے، جو اس کرنسی کی منفرد پہچان اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
کرپٹو ڈیٹا پلیٹ فارم سوسو ویلیو کے مطابق، 2025 کے آغاز سے اب تک بٹ کوائن کی قیمت میں 18 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے، اور پبلک لسٹڈ کمپنیوں کے پاس موجود بٹ کوائن کی مقدار میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جس کی مالیت تقریباً 349 ارب ڈالر بنتی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو بٹ کوائن جلد نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔