پٹنہ/بہار — بدھ کی صبح بہار کے مختلف اضلاع میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے افسوسناک مناظر چھوڑ دیے۔ بیگوسرائے، دربھنگہ، مدھوبنی، سمستی پور، سہرسہ، اورنگ آباد اور گیا میں پیش آئے واقعات میں 20 افراد جاں بحق اور 13 جھلس کر زخمی ہو گئے۔
بیگوسرائے اور دربھنگہ میں سب سے زیادہ 5-5 ہلاکتیں ہوئیں، جب کہ مدھوبنی میں 3، سمستی پور، سہرسہ اور اورنگ آباد میں 2-2 اور گیا میں 1 جان گئی۔ بیشتر افراد کھیتوں میں کام کر رہے تھے یا کھلی جگہوں پر موجود تھے جب بجلی گری۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہلِ خانہ کے لیے فی کس 4 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آفت کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے۔
پولیس اور مقامی انتظامیہ نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جب کہ زخمیوں کا مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔