بھٹکل (فکروخبر نیوز) شبینہ مکتب مسجد ابوبکر صدیق کی جانب سے طلبہ میں قرآن کریم سے شغف پیدا کرنے اور روزمرہ تلاوت کی جانے والی سورتوں کو یاد کرانے کے مقصد سے گزشتہ چھ ماہ سے ماہانہ منتخب سورتوں کے حفظ کا مسابقہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے کی تیسری کڑی کے طور پرکل بروز منگل سورۂ واقعہ کے حفظ کا مسابقہ منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق ہر مسابقہ کے لیے ایک ماہ قبل منتخب سورہ کا اعلان کر دیا جاتا ہے تاکہ طلبہ کو مناسب تیاری کا موقع مل سکے۔ اس پروگرام میں چوتھی جماعت سے لے کر ایس ایس ایل سی تک کے طلبہ شرکت کر سکتے ہیں، البتہ حفظِ قرآن کے باقاعدہ شعبے میں زیرِ تعلیم طلبہ کو اس مسابقہ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جاتی تاکہ دیگر طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔
مسابقہ سے قبل تمام امیدواروں کا ابتدائی امتحان لیا جاتا ہے، جس کے بعد نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو ہی حتمی مرحلے میں شرکت کا موقع دیا جاتا ہے۔ اس طرح پروگرام میں معیاری حفظ اور بہتر مسابقتی ماحول کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سلسلے کا پہلا مسابقہ سورۂ ملک اور دوسرا سورۂ سجدہ کے حفظ پر منعقد کیا گیا تھا، جبکہ حالیہ پروگرام سورۂ واقعہ کے حفظ کے عنوان سے منعقد ہوا۔
اس موقع پر ماہ بھر میں سو فیصد حاضری درج کرنے والے طلبہ کی خصوصی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا۔ اسی طرح صرف ایک دن غیر حاضر رہنے والے طلبہ کے لیے بھی خصوصی انعامات کا اہتمام کیا گیا۔ علاوہ ازیں مسابقہ میں شرکت کرنے والے تمام طلبہ کو بھی انعامات اور تحائف پیش کیے گئے۔
منتظمین نے بتایا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بچوں کو قرآن کریم کی ان سورتوں سے جوڑنا ہے جو عام طور پر روزانہ یا کثرت سے تلاوت کی جاتی ہیں، تاکہ وہ انہیں نہ صرف پڑھ سکیں بلکہ یاد بھی کر لیں اور اپنی عملی زندگی میں قرآن سے مضبوط تعلق قائم رکھیں۔




