بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور کا اہم اقدام ، منگلور میں بی جے ایم میڈیکل سینٹر قائم، بھٹکل و اطراف کی عوام کے لیے بڑی طبی سہولت

بھٹکل(فکروخبرنیوز) بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور (بی جے ایم) کے زیرِ اہتمام مینگلور میں ایک جدید طبی سہولیات سے آراستہ میڈیکل سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ اس سینٹر کے قیام سے امید کی جارہی ہے کہ بھٹکل، مرڈیشور، منکی، ولکی، شیرور، بیندور اور دیگر قریبی علاقوں کے مریضوں کو اب معیاری علاج کے لیے دیگر اسپتالوں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں محسوس ہوگی۔

بھٹکل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے ایم میڈیکل کمیٹی کے کنوینر ایس ایم ارشد (محتشم) نے بتایا کہ بھٹکل واطراف سے بڑی تعداد میں لوگ علاج کے لیے مینگلور جاتے ہیں لیکن ان کی رہنمائی ضروری نہ ہونےکی وجہ سے انہیں بھارت اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جماعت کی جانب سے مریضوں کی رہنمائی کرکے انہیں بہتر علاج فراہم کرنے کی کوششیں کی جاچکی ہیں۔ اب میڈیکل سینٹر کے قیام سے سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سینٹر میں بخار ، نمونیا ، ٹائفائڈ وغیرہ علاج کے لیے جنرل فزیشن موجود ہیں لیکن آپریشن اور آئی سی یو کی سہولت موجود نہیں ہے۔ لیکن بڑے اسپتالوں سے ڈسجارج کے بعد انہیں منتقل کرکے مزید علاج جاری رکھا جاسکتا ہے۔

یہ میڈیکل سینٹر مینگلور کے کنکناڈی بائی پاس کے قریب تقریباً 6000 اسکوائر فٹ رقبے پر قائم ہے، جہاں 21 بستروں کی گنجائش موجود ہے۔ اس میں جنرل وارڈ کے ساتھ اے سی اور اٹیچ باتھ والے ڈیلکس کمرے بھی شامل ہیں۔ مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کے لیے ریسٹورنٹ اور مرد و خواتین کے لیے علیحدہ نماز ہال کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

جناب ارشد نے بتایا کہ سینٹرمیں جدید لیبارٹری سہولت بھی دستیاب ہے، جہاں بلڈ ٹیسٹ، ای سی جی اور دیگر ضروری معائنے کیے جاتے ہیں۔ ہم نے معروف اسپتالوں کے ساتھ اشتراک بھی قائم کیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پرانہیں منتقل کرنے میں آسانی ہو۔

انہوں نے بتایا کہ اس سینٹر کے قیام میں بھٹکل ویلفیئر سوسائٹی، ریاض اور جدہ کی جماعتوں کا بھی تعاون حاصل رہا ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے یہاں خدمات کا آغاز ہو چکا ہے اور مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں سینٹر کو سرکاری منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے، جبکہ جلد ہی اس کی باضابطہ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں اور ضرورت کے وقت فراہم کردہ رابطہ نمبرز کے ذریعے پیشگی اپائنٹمنٹ حاصل کریں۔

مزید معلومات یا اپائنٹمنٹ کے لیے فون نمبر 08242007520 یا موبائل نمبر 9620774400 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

پریس کانفرنس میں بی جے ایم کے دیگر ذمہ داران مولوی داود خلیفہ ندوی، اشرف سعدا، فہد شاہ بندری وغیرہ بھی موجود تھے۔