بھٹکل ( فکرو خبر نیوز) ساحلی کرناٹک کے حساس اور اہم شہر بھٹکل میں گزشتہ دو تین دنوں سے جاری ناگفتہ بہ حالات کے پیشِ نظر مقامی علمائے کرام اور سماجی ادارے مجلسِ اصلاح و تنظیم کی جانب سے کل جمعہ کی نماز کے لیے ایک مشترکہ ہدایت نامہ (گائیڈ لائنز) جاری کیا گیا ہے۔ شہر کے معروف عالمِ دین مولانا مقبول احمد ندوی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اس کی تفصیلات سامنے رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کل 29 مئی کو ایک احتجاجی جلوس پبلک چبوترے سے نکالا جائے گا، جس کا وقت عین نمازِ جمعہ کے اوقات سے ٹکراتا ہے۔ اسی لیے مسلم قیادت نے شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے یہ پیشگی اقدامات کیے ہیں۔
مولانا مقبول احمد ندوی نے شہر کے تمام مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ جو لوگ شہر کے بالائی (اوپری) حصوں میں رہتے ہیں، وہ اپنے قریبی جمعہ مساجد میں ہی جمعہ کی نماز ادا کریں۔ اسی طرح نشیبی (نیچے کے) علاقوں میں رہنے والے افراد بھی اپنی قریبی مساجد میں ہی جمعہ کی نماز ادا کرنے کا اہتمام کریں ۔ انہوں نے مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ نور جمعہ مسجد میں کل جمعہ کی نماز کا وقت تبدیل کرتے ہوئے ٹھیک 12 بج کر 50 منٹ طے کیا گیا ہے،
تنظیم اور علماء نے مسلمانوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کی نماز سے فراغت کے فوراً بعد بلاوجہ سڑکوں پر کھڑے ہونے کے بجائے اپنے اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور حالات کو پُرامن بنائے رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔ اس موقع پر انہوں نے اللہ تبارک و تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ پوری دنیا سمیت ہندوستان اور بالخصوص بھٹکل میں عید الاضحیٰ پورے امن و امان کے ساتھ منائی گئی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دنیا بھر سے لاکھوں حجاج کرام نے جو حج کا فریضہ انجام دیا ہے اور امتِ مسلمہ کے لیے دعائیں مانگی ہیں، اللہ تعالیٰ ان سب کو قبول فرمائے گا۔




