بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل کے سرکاری تعلقہ اسپتال نے سال 2026-27 کے لیے حکومت کی اہم ہیلتھ اسکیم ‘آیوشمان بھارت – آروگیہ کرناٹک’ (AB-RK) کی ریاستی سطح کی پیش رفت رپورٹ اتر کنڑا ضلع میں پہلا مقام حاصل کیا ہے، جبکہ پوری ریاستِ کرناٹک میں یہ اسپتال 37 ویں پوزیشن پر رہا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ شاندار کامیابی اسکیم کے مؤثر نفاذ، اہل مستحقین کی بروقت رجسٹریشن، علاج معالجے کی سہولیات کے مناسب استعمال اور سرکاری صحت اسکیموں کے فوائد کو عام لوگوں تک کامیابی سے پہنچانے کی بدولت حاصل ہوئی ہے۔
اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ اسپتال کے ایڈمنسٹریٹو میڈیکل آفیسر (AMO) ڈاکٹر ارون کمار نے کہا کہ یہ کامیابی اسپتال کے تمام ڈاکٹروں، نرسوں، طبی و غیر طبی عملے، انتظامیہ کی ٹیم اور عوام کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملازم کی لگن، ٹیم ورک اور اسپتال پر عوام کا اعتماد ہی اس کامیابی کی اصل طاقت ہے۔ ڈاکٹر ارون کمار نے مزید واضح کیا کہ اسپتال انتظامیہ مستقبل میں بھی غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو معیاری صحت کی خدمات فراہم کرنے اور حکومت کی مختلف طبی اسکیموں کا فائدہ مؤثر طریقے سے پہنچانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ بھٹکل تعلقہ اسپتال کی اس شاندار کارکردگی پر محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام، مقامی سماجی کارکناں اور عوام نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال کے عملے کو مبارکباد پیش کی ہے۔




