بھٹکل(فکروخبرنیوز) ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے عمل کے دوران عوامی حقوق کے تحفظ اور بیداری پیدا کرنے کے لیے مجلسِ اصلاح و تنظیم کے زیرِ اہتمام ایک تربیتی ورکشاپ منعقد کی گیا۔ اس پروگرام میں ماہرین نے خبردار کیا کہ نظرثانی کے نام پر بڑی تعداد میں شہریوں کو حقِ رائے دہی سے محروم کیے جانے کا خدشہ ہے، اس لیے عوام کو میپنگ کے ذریعے اپنے ناموں کا اندراج یقینی بنانا چاہیے۔
بنگلورو سے آئے ہوئے ‘میرا ووٹ میرا حق’ مہم کے ذمہ داران اور پی یو سی ایل کی نمائندہ آئشوریا نے رضاکاروں کو میپنگ اور فہرستوں کی درستگی کے فنی مراحل پر تفصیل سے تربیت دی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ خواتین، مہاجر مزدوروں اور پسماندہ طبقات کے ناموں کے اندراج میں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے خارج نہ ہو۔
اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ ایس آئی آر (SIR) کے عمل میں پائی جانے والی خامیوں اور بعض طبقات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کے خلاف 15 اپریل کو ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور حکومت کو میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔ ورکشاپ میں مختلف علاقوں سے آئے رضاکاروں نے شرکت کی، جہاں انہیں بوتھ کی سطح پر کام کرنے اور رہنمائی مراکز قائم کرنے کی حکمت عملی بتائی گئی۔ پروگرام کی صدارت تنظیم کے صدر عنایت اللہ شابندری نے کی اور مقامی ذمہ داران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔




