ریاض، سعودی عرب (فکروخبر نیوز) بھٹکل نوائط کمیونٹی ریاض کے زیر اہتمام’’ملن 2026‘‘ جمعرات، 12 نومبر کو رات 9 بجے ہوٹل ریڈیسن بلو میں میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر کمیونٹی کے اراکین، ان کے اہل خانہ اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں مختلف علمی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ نمایاں تعلیمی کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
تقریب کا آغاز جنرل سکریٹری جناب ابوبکر صدیقی کی نظامت میں ہوا۔ انہوں نے تلاوتِ کلامِ پاک کے لیے جناب ابرالحق عارف اکرمی کو دعوت دی۔ بعد ازاں حاضرین اور معزز مہمانوں کا پُرجوش استقبال کرتے ہوئے بھٹکل نوائط کمیونٹی ریاض کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ جماعت کی بنیاد 1988 میں رکھی گئی تھی۔ اس موقع پر جماعت کے قیام اور اس کے سفر پر روشنی ڈالی گئی، جس کے بعد بھٹکل سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف سماجی کارکن، علی گڑھ مسلم اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اور سفارت خانۂ ہند کی مجلسِ رہنمائی سے وابستہ ڈاکٹر انعام اللہ بیگ اعظمی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بھٹکلی برادری کے اتحاد و اتفاق اور باہمی تعاون کے جذبے کی ستائش کی۔ اس موقع پر انہوں نے بھٹکل کی ممتاز شخصیات کاکو شمس الدین، محی الدین منیری اور سید خلیل الرحمن کی کمیونٹی کے لیے انجام دی گئی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
اعزازی مہمانوں میں معروف تاجر اور سعودی عرب کی مشہور کمپنی مسح کے مالک انجینئر عبدالنعیم شامل تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں بھٹکل کے دینی ماحول اور وہاں کی مذہبی و اخلاقی اقدار کو سراہا۔
اسی طرح ہدایہ فاؤنڈیشن کے بانی جناب خاصم احمد نے بھٹکلی برادری کے افراد کو دینی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے عصری تعلیم، تجارت اور دیگر دنیوی شعبوں میں مزید ترقی کرنے کی ترغیب دی۔ دیگر اعزازی مہمانوں میں معروف معالج ڈاکٹر عبیداللہ جنید بھی شامل تھے، جو بھٹکل اور اطراف کی برادری سے خصوصی تعلق اور لگاؤ رکھتے ہیں۔
بعد ازاں صدرِ جماعت جناب عبدالرقیب پلور نے صدارتی خطاب پیش کیا۔ اس موقع پر تمام معزز مہمانوں کو یادگاری مومنٹو پیش کرکے ان کی عزت افزائی کی گئی۔
تقریب کے دوران تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوئی۔ جناب طارم کوبٹے نے تعلیمی ایوارڈ کی کارروائی انجام دی اور معزز مہمانوں کے ہاتھوں کامیاب طلبہ میں سرٹیفکیٹ اور یادگاری مومنٹو تقسیم کیے گئے۔
پروگرام کا ایک دلچسپ حصہ ننھے منے بچوں کی رنگارنگ پیشکشیں تھیں۔ جناب اقدس ایس ایم کی جانب سے پیش کردہ فینسی ڈریس پروگرام نے حاضرین کی توجہ حاصل کی، جبکہ بچوں کے دو ڈراموں ’’زبان‘‘ اور ’’ربا‘‘ کو بھی خوب سراہا گیا۔ اس کے علاوہ بچوں نے ترانہ اور نوائطی نظم اپنی سریلی آوازوں میں پیش کرکے محفل کو چار چاند لگادیے۔
تقریب میں جناب سید عقبیٰ لنکا نے آن لائن کوئز کا اہتمام کیا، جس میں شرکاء نے دلچسپی لی۔ اسی طرح جناب عمران ایس ایم نے ریفل ڈرا کو منفرد اور دلچسپ انداز میں پیش کیا، جس کے ذریعے شرکاء میں متعدد انعامات تقسیم کیے گئے۔
پروگرام کے اختتام پر کنوینر جناب ارشاد احمد نے تمام معزز مہمانوں، جماعت کے اراکین، اہل خانہ اور پروگرام کی کامیابی میں تعاون کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے اختتام کا اعلان کیا۔
رپورٹ: ابوبکر صدیقی
جنرل سکریٹری، بھٹکل نوائط کمیونٹی ریاض




