مرڈیشور/ بھٹکل: (فکروخبرنیوز) بھٹکل کی ایک عدالت نے نابالغ لڑکے کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے مالک پر 25,000 روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بستی کائیکنی کے رہائشی راجیش ناگپا نائیک نے اپنی ملکیت والی دو پہیہ گاڑی (نمبر: KA-47/R-8460) ایک نابالغ لڑکے کو چلانے کے لیے دی تھی۔ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مرڈیشور پی ایس آئی ہنمنتا بیرادر نے تحقیقات مکمل کیں اور موٹر وہیکل ایکٹ (MVA) کے تحت گاڑی کے مالک کے خلاف چارج شیٹ بھٹکل کی عدالت میں پیش کی۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ نابالغ کو گاڑی فراہم کر کے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے۔ عدالت نے اس جرم کی پاداش میں مالک راجیش نائیک کو 25,000 روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔
پولیس اور قانونی ماہرین نے اس فیصلے کے حوالے سے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ نابالغ بچوں کے ہاتھ میں گاڑیاں دینے سے گریز کریں، کیونکہ یہ نہ صرف خطرناک ہے بلکہ اب اس پر سخت مالی جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔




