ممبئی (فکروخبر نیوز) بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے ایک وفد نے گزشتہ روز ممبئی کے معزز رکنِ اسمبلی جناب امین پٹیل سے ملاقات کر کے بھٹکل کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر وفد نے کمیونٹی کے اہم مسائل پر مشتمل ایک یادداشت (میمورنڈم) بھی ان کی خدمت میں پیش کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے مختلف سماجی اور عوامی مسائل کی جانب ایم ایل اے کی توجہ مبذول کرائی۔ جناب امین پٹیل نے نہایت سنجیدگی سے یادداشت کا جائزہ لیا، وفد کی گزارشات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ قائم کرتے ہوئے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ ملاقات خوشگواراور مثبت ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں باہمی تعاون اور رابطے کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات کے نتیجے میں بھٹکل کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کی جانب عملی پیش رفت ہوگی۔
بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے ذمہ داران نے اس موقع پر جناب امین پٹیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی مثبت سوچ اور تعاون کے جذبے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی کمیونٹی کے مفاد میں اس طرح کا تعاون جاری رہے گا۔
اس موقع پر جناب محمد ریاض جاکٹی ، جناب قمرالزماں موٹیا ، جناب حنظلہ ، جناب عبدالسلام دامودی ، جناب امین اکرمی وغیرہ موجود تھے۔




