بھٹکل (فکروخبر نیوز): نیشنل ہائی وے 66 پر مرڈیشور کے قریب پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں 55 سالہ موٹر سائیکل سوار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جس کے بعد مقامی عوام کا غصہ پھوٹ پڑا۔ حادثے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شہریوں نے شاہراہ پر جمع ہو کر متعلقہ حکام کے خلاف نعرے بازی کی اور سڑک کی تعمیر میں مبینہ خامیوں کو حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کا سبب قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق متوفی کرشنا شنیار نائک، جو سبپتّی علاقے کا رہائشی تھا، بدھ کی دوپہر موٹر سائیکل پر مرڈیشور کی سمت جا رہا تھا۔ بستی جنکشن کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران پیچھے سے آنے والی ایک لاری اس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ وہ سڑک پر گر کر لاری کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حادثے کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں مقامی افراد جائے وقوع پر جمع ہوگئے۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ شاہراہ کے اس حصے کی ناقص منصوبہ بندی اور حفاظتی انتظامات کی کمی مسلسل حادثات کا سبب بن رہی ہے۔ احتجاج کے دوران لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار ادارے فوری طور پر مؤثر حفاظتی اقدامات کریں اور اس مقام کو حادثات سے محفوظ بنایا جائے۔
صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے بھٹکل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار اور مرڈیشور پولیس کے افسران موقع پر پہنچے اور احتجاجیوں سے بات چیت کی۔ کافی دیر تک جاری مذاکرات کے بعد متعلقہ تعمیراتی کمپنی کے نمائندوں نے حفاظتی سہولتوں میں بہتری اور ضروری اصلاحی اقدامات کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج ختم ہوا اور متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دی گئی۔




