بنگلورو (فکروخبر نیوز) بھٹکل سے کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی اور سابق وزیر منکال وئیدیا کو منگل کے روز کرناٹک قانون ساز اسمبلی کا بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب کر لیا گیا۔ ان کے انتخاب کے ساتھ ہی بھٹکل اور ساحلی کرناٹک کو ریاست کے ایک اہم آئینی عہدے میں نمائندگی حاصل ہوگئی ہے۔
اسمبلی میں وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے منکال وئیدیا کے نام کی تجویز پیش کی، جس کی تائید سینئر وزیر لکشمن سوردی نے کی۔ بعد ازاں صوتی ووٹنگ کے ذریعے اسپیکر جی ایس پاٹل نے منکال وئیدیا کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا باضابطہ اعلان کیا۔
یہ عہدہ سابق ڈپٹی اسپیکر رودرپا لامانی کے استعفے کے بعد خالی ہوا تھا، جنہوں نے ریاستی کابینہ میں وزیر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی ہے۔ منکال وئیدیا کی تقرری اس لیے بھی اہم سمجھی جارہی ہے کہ حالیہ کابینہ توسیع کے موقع پر ان کا نام وزارتی فہرست میں شامل ہونے کے باوجود آخری مرحلے میں نکال دیا گیا تھا۔ سابق سدارامیا حکومت میں بندرگاہ اور ماہی گیری کے محکموں کے وزیر رہنے والے منکال وئیدیا کو اب ڈپٹی اسپیکر کا آئینی عہدہ ملنے سے ریاستی سیاست میں ان کا کردار ایک بار پھر اہم ہوگیا ہے۔
اس سے قبل کانگریس نے اے ایس پوننا کو ڈپٹی اسپیکر بنانے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد میں انہیں کابینہ درجے کے ساتھ وزیر اعلیٰ کا سیاسی سکریٹری مقرر کیا گیا۔ اس کے بعد منکال وئیدیا کو اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا۔




