بھٹکل میں عازمینِ حج کے لیے تربیتی کیمپ، مناسکِ حج و عمرہ پر تفصیلی رہنمائی

بھٹکل (فکر و خبر نیوز): مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے عازمینِ حج کے لیے آج بعد عصر محکمۂ شرعیہ کی عمارت میں ایک اہم تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں عازمینِ حج نے شرکت کی۔

پروگرام میں علماء کرام نے حج اور عمرہ کے مختلف مسائل پر نہایت مفصل اور جامع انداز میں روشنی ڈالی۔ مقررین نے احرام باندھنے کے طریقے، نیت، تلبیہ، طواف، سعی، وقوفِ عرفہ، مزدلفہ اور رمی جمرات جیسے اہم ارکان کی وضاحت کرتے ہوئے عازمین کو عملی رہنمائی فراہم کی۔ اس کے ساتھ ساتھ سفرِ حج کے دوران پیش آنے والی ممکنہ مشکلات اور ان کے حل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

علماء نے عازمین کو تلقین کی کہ وہ اس مقدس سفر کو خلوصِ نیت، صبر اور تقویٰ کے ساتھ ادا کریں اور ہر مرحلے میں سنت کی پابندی کو ملحوظ رکھیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عازمین اپنے اخلاق و کردار کا خاص خیال رکھیں اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کا مظاہرہ کریں۔

قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی پی پی ٹی کے ذریعہ تمام مسائل سامنے رکھے۔ دیگر مقررین میں مولانا جعفر ندوی ، مولانا شکیب ندوی نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر جماعت کے ذمہ داران اور متعلقہ افراد بھی موجود تھے، جنہوں نے انتظامات میں بھرپور تعاون کیا۔ پروگرام کے اختتام پر عازمین کے لیے دعائیں کی گئیں اور ان کے سفرِ حج کی آسانی اور قبولیت کے لیے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعا کی گئی۔

شیئر کریں۔