بھٹکل (فکروخبرنیوز) ساحلی شہر بھٹکل میں ایندھن کی شدید قلت نے شہریوں کو سخت پریشان کر رکھا ہے۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح شہر کے چاروں پیٹرول پمپوں پر اسٹاک مکمل طور پر ختم ہو گیا۔ شہر کے علاوہ مرڈیشور کے دو پمپس پر بھی یہی صورتحال رہی، جس کے باعث گاڑی مالکان اور مسافروں کو متبادل انتظام کے لیے شدید بھاگ دوڑ کرنی پڑی۔ منگل کی شام جیسے ہی پیٹرول کی سپلائی بحال ہونے کی خبر پھیلی، تو پمپوں پر دو پہیہ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جنہیں اپنی باری کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔
شہریوں میں اس اضطراب کی بڑی وجہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگ کے بادل ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور رسد میں مزید کمی کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ اس عالمی بحران کے زیرِ اثر عوام مستقبل کی ممکنہ مہنگائی اور قلت سے بچنے کے لیے پیٹرول کا ذخیرہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں شہری اپنی گاڑیوں کے ساتھ قطار در قطار کھڑے ہیں۔ مقامی سماجی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی حالات کے پیشِ نظر علاقے میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔




