بھٹکل (فکروخبرنیوز) شہر کے کئی سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے پریشان عوام کی پریشانی کم ہونے کا نام لے رہی ہے۔ مدینہ کالونی سے جامعہ آباد کو جوڑنے والی سڑک کی حالت اب ناقابلِ بیان ہوچکی ہے۔ وقتی طور پر مرمت کے بعد جب بارش ہوتی ہے تو جگہ جگہ گڈھے پڑجانے سے سڑک کا حال پہلے سے بھی بدتر ہوجاتا ہے اور وہاں سے گزرنے والی سواریاں ہچکولے کھانے لگ جاتی ہے۔
آج رحمت آباد فرینڈس فورم (آر ایف ایف) کے ذمہ داران نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنراور پی ڈبلیو دفتر جاکر افسران سے ملاقات کی اور ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے اس سڑک کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ان کے سامنے اس علاقہ کی اہمیت اور یہاں سڑک کی فوری ضرورت زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کے متصل شہر کے کئی مشہور اسکول اور کالجس پڑتے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں یہاں سے روزانہ طلبہ گزرتے ہیں ، اس کےعلاوہ روزہ مرہ کی ضروریات کے لیے بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر اس سڑک کی تعمیر پر توجہ دی جائے اور عوام کو پہنچنے والے نقصان کا احساس کرتے ہوئے ان کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے کی کوشش کی جائے۔
آر ایف ایف کے ذمہ داران کے مطابق اگر افسران کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملتا تو وہ مقامی ایم ایل اے سے ملاقات کرکے ان کی توجہ اس جانب مبذول کرانے کی کوشش کریں گے۔




