آئی این ایف کے زیرِ اہتمام دو روزہ میڈیکل کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر، ماہر ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہا گیا
بھٹکل (فکروخبر نیوز) انڈین نوائط فورم ،(آئی این ایف(INF کے زیرِ اہتمام ایم ایم صدیق ہال بندرروڈ پرمنعقدہ دو روزہ مفت طبی کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں تقریباً 1200 افراد نے ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں اپنی صحت کا تفصیلی معائنہ کرایا۔ کیمپ میں امراضِ قلب سمیت مختلف بیماریوں کی تشخیص اور مشاورت کی سہولتیں مکمل طور پر مفت فراہم کی گئیں، جس سے عوام کی بڑی تعداد نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
کیمپ کے کنوینر جناب غفران لنکا نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اس موقع پر معروف ماہرینِ امراضِ قلب اور فزیشنز کی ٹیموں نے شرکت کی۔ ان میں ڈاکٹر علی فیصل کے ساتھ دو جونیئر کارڈیالوجسٹ اور دو فزیشنز، ڈاکٹر یوسف کمبلے کے ساتھ دو جونیئر کارڈیالوجسٹ اور ایک فزیشن، جبکہ ڈاکٹر سلمان صلاح الدین کے ساتھ دو جونیئر ماہرینِ امراضِ قلب شامل تھے۔ اس کے علاوہ نرسنگ اسٹاف، ای سی جی ٹیکنیشنز اور دیگر معاون عملہ بھی مسلسل خدمات انجام دیتا رہا۔ ڈاکٹروں اور ان کی پوری ٹیم نے انتہائی تندہی اور خلوص کے ساتھ مریضوں کا معائنہ کیا۔
غفران لنکا کے مطابق کیمپ کے اختتام پر ڈاکٹروں نے بھی اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے اس سہولت سے استفادہ کیا جو کیمپ کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معائنے کے دوران متعدد افراد میں شوگر، کولیسٹرول اور دیگر بیماریوں کی ابتدائی تشخیص ہوئی، جن میں سے بہت سے افراد اپنی صحت کی ان مشکلات سے بالکل بے خبر تھے۔ خصوصاً امراضِ قلب کے تقریباً 200 مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ دیگر ایک ہزار افراد میں بھی بعض افراد کے مختلف طبی مسائل سامنے آئے، جن پر بروقت توجہ انتہائی ضروری ہے جبکہ بعض افراد نے اپنی مکمل صحت پر اللہ کا شکرادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے طبی کیمپ عوام میں صحت کے تئیں بیداری پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور چھوٹی بیماریوں کے علاج کے لیے منگلورو یا دیگر شہروں کا رخ کرنے کے بجائے مقامی سطح پر معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھٹکل میں ایک ایسے جدید اسپتال کے قیام کی ضرورت ہے جس میں کارڈیک سینٹر (Heart Care Centre) سمیت خصوصی طبی سہولتیں موجود ہوں، تاکہ ہنگامی حالات میں مریضوں کو بروقت علاج میسر آسکے۔ ڈاکٹروں نے بھی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
غفران لنکا نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ کے مثبت نتائج انتہائی حوصلہ افزا رہے۔ متعدد افراد نے ذاتی طور پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے بتایا کہ اگر یہ کیمپ نہ ہوتا تو انہیں اپنی بیماریوں کا علم ہی نہ ہو پاتا۔ اس کیمپ کی بدولت نہ صرف ان کا وقت بچا بلکہ انہیں مالی طور پر بھی بڑی سہولت حاصل ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام 1200 مریضوں کو خون کے ٹیسٹ، ای سی جی، طبی معائنہ اور مشاورت سمیت تمام سہولتیں مکمل طور پر مفت فراہم کی گئیں۔ قابلِ ذکر بات یہ رہی کہ شریک ڈاکٹروں اور ان کی ٹیموں نے اپنی کوئی فیس وصول نہیں کی، بلکہ تمام ڈاکٹروں نے اپنے سفری اخراجات لینے سے بھی انکار کر دیا۔
آخر میں غفران لنکا نے انڈین نوائط فورم کے ذمہ داران، بیرونِ شہر سے تشریف لانے والے ڈاکٹروں، آئی این ایف کے اراکین، رضاکار نوجوانوں ، میڈیا کے احباب اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سب کے اخلاص، تعاون اور محنت ہی کی بدولت یہ کیمپ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔




