بھٹکل(فکروخبرنیوز) بھٹکل کے مشہور سماجی ادارے مجلسِ اصلاح و تنظیم کے زیرِ اہتمام منگل کی رات ‘آمنہ پیلس’ میں ایک خصوصی "عید ملن و تحفظِ حقوق” پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں انتظامیہ اور عوام کے درمیان شہر کے اہم مسائل پرتبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس اہم پروگرام میں ضلع انچارج وزیر منکال ایس ویدیا کی عدم موجودگی مقامی مسلم قیادت اور عوام کے لیے شدید مایوسی کا باعث بنی۔ پروگرام کی خاص بات ضلع کے اعلیٰ حکام کی موجودگی تھی، لیکن مقامی عوامی نمائندے اور وزیر مینکال ویدیا کی غیر حاضری پر تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی ذمہ داری سنبھالنے والے نمائندوں کا اتنے اہم سماجی اور عوامی پروگرام سے کنارہ کشی کرنا نہ صرف ادارے بلکہ پوری کمیونٹی کے لیے مایوس کن ہے۔
صدرِ تنظیم نے اپنی تقریر میں شہر کے بنیادی ڈھانچے کی ابتر صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے کے کام میں تاخیر، رنگین کٹہ سمیت مختلف علاقوں میں نکاسی آب (ڈرینیج) کے ناقص نظام اور 110 کے وی سب اسٹیشن کی تکمیل میں ہونے والی سستی پر محکمہ ہیسکام کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر بارش سے قبل نالوں کی صفائی نہ ہوئی تو شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کلکٹر (DC) کے لکشمی پریا نے یقین دلایا کہ بارش سے قبل تمام ڈرینیج لائنوں کی مرمت کے لیے متعلقہ ایجنسیوں کو سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ایس پی دیپن ایم این نے سڑک حادثات سے بچنے کے لیے ہیلمٹ کی پابندی اور نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے ‘سن مترا’ کونسلنگ پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔ سی ای او ضلع پنچایت دلیش ساسی نے سرکاری اسکیموں کو گھر گھر پہنچانے کے لیے سماجی تنظیموں کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ پروگرام میں ہیسکام چیئرمین سید عظیم پیر قادری، فاریسٹ آفیسر یوگیش، کانگریس لیڈر راما موگیر اور انڈین نوائط فورم کے صدر آفتاب کولا نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کا آغاز سید صارم برماور کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے نے استقبالیہ کلمات اور افتتاحی تقریر پیش کی۔ نظامت کے فرائض سینئر صحافی ایم آر مانوی نے انجام دیے، جبکہ ایڈوکیٹ سید عمران لنکا نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ہائی کورٹ کے سابق جج روی نائک اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔




