بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل کے بندر روڈ پر پیش آئے ایک سڑک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے حادثے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق بیلکے گاؤں کے گرڈی ہتلو کے رہائشی سومیدھا نارائن نائک اپنی ٹی وی ایس اپاچی موٹر سائیکل پر سبتی کے رہائشی مدھورا منجوناتھ نائک کو ساتھ لے کر شمس الدین سرکل سے بندر روڈ کی جانب جا رہے تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود ایک درخت سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں دونوں نوجوان زخمی ہوگئے۔ مدھورا منجوناتھ نائک کو سینے، کمر اور ہاتھوں پر شدید چوٹیں آئیں۔ انہیں فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے۔ موٹر سائیکل چلا رہے سومیدھا نارائن نائک بھی زخمی ہوئے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مدھورا منجوناتھ نائک مقامی سطح پر سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیتے تھے۔ ان کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ سرکاری اسپتال پہنچ گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کے والد کا پہلے ہی انتقال ہوچکا تھا اور وہ خاندان کی کفالت میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔
مہلوک کے رشتہ دار سچن گوند نائک کی شکایت پر بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں موٹر سائیکل سوار کے خلاف لاپرواہی اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔




