بھٹکل: انجمن کالج کے طالب علم شریس نائک کی کرناٹک یونیورسٹی میں تاریخی کامیابی، ایم اے کنڑا میں اول پوزیشن اور 9 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے

بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل کے انجمن ڈگری کالج و پوسٹ گریجویٹ سینٹر کے طالب علم شریس نائک نے کرناٹک یونیورسٹی کے 75 ویں کانووکیشن میں اپنی غیر معمولی کارکردگی سے انجمن کا نام پوری ریاست میں روشن کر دیا ہے۔ شریس نے ایم اے کنڑا میں یونیورسٹی بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر نو (9) سونے کے تمغے اور دو نقد انعامات جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت اور وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر ایم سی سدھاکر نے اس باصلاحیت نوجوان کو ان اعزازات سے نوازا۔

شریس نائک نے اپنی اس شاندار کامیابی کا سہرا انجمن کالج کے اساتذہ کی بہترین رہنمائی اور ادارے کے علمی ماحول کے سر باندھا ہے۔ انہوں نے ثابت کر دیا کہ اگر عزم بلند ہو تو بھٹکل جیسے قصبے کے اداروں میں پڑھ کر بھی یونیورسٹی کی سطح پر بڑے شہروں کے طلبہ کو پیچھے چھوڑا جا سکتا ہے۔ پروفیسر آر ایس نائک کے فرزند شریس فی الوقت کینرا بینک میں بطور افسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انجمن انتظامیہ اور اساتذہ نے سریش کی اس تاریخی کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ادارے کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔

شیئر کریں۔