بنگلورو(فکروخبرنیوز) کرناٹک پولیس کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) اور ڈرگس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے دارالحکومت بنگلورو میں ایک بڑے بین ریاستی جعلی ادویات کے سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ‘کرپا ہیلتھ کیئر’ کے مالک ویرس کمار جین کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر شہر کے 90 سے زائد ہسپتالوں، کلینکس اور میڈیکل اسٹورز کو کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں کی جعلی اور ایکسپائر ادویات سپلائی کرنے کا سنگین الزام ہے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق مینروا سرکل کے قریب واقع کرپا ہیلتھ کیئر کو جعلی اور ری پیک شدہ ادویات کے گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ گرفتار ملزم ویرس جین ایک ایسے گینگ کا حصہ ہے جو ہسپتالوں اور میڈیکل شاپس کو کینسر کی جعلی ادویات، آئی سی یو انجیکشنز اور دیگر حیات بخش ادویات اصل قیمت سے تقریباً 50 فیصد کم رعایت پر فراہم کرتا تھا۔ اس کھیل میں سستی یا بیکار ادویات کو کم قیمت پر خرید کر ان پر نامی گرامی فارما کمپنیوں کے جعلی لیبل لگا کر دوبارہ پیک کیا جاتا تھا اور پھر مارکیٹ میں سپلائی کر دیا جاتا تھا۔
اس ریکیٹ کا سنسنی خیز انکشاف اس وقت ہوا جب 18 اگست کو بنگلورو ساؤتھ کے بدادی اور ڈوڈیری کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر تقریباً 5 کروڑ روپے مالیت کی جعلی ادویات، انجیکشن بھرنے کے الات اور جعلی بلز و لیبلز برآمد کیے گئے۔ اس کے بعد جوائنٹ پولیس کمشنر (ویسٹ) ویمسی کرشنا کی قیادت میں ایس آئی ٹی نے کرناٹک، ہریانہ، ہماچل پردیش، تمل ناڈو اور مہاراشٹر سمیت 10 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس پورے جال میں 15 سے زائد میڈیکل ریپریزنٹیٹو کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، جب کہ نیٹ ورک کا اہم ماسٹر مائنڈ پرشانت فی الحال فرار ہے جس کی تلاش میں پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔ پولیس نے بینک ٹرانزیکشنز، خریدو فروخت کے واؤچرز اور دیگر دستاویزات کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔




