کرناٹک کے شہر بیلگاوی میں پیر کی دیر رات ایک انتہائی دردناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک گھر میں فریج پھٹنے سے خوفناک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔ اس دلخراش حادثے میں دو دیگر افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ بیلگاوی شہر کے مارکیٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع چوہٹ گلی علاقے میں پیش آیا۔ پولیس رپورٹس کے مطابق، متاثرہ خاندان پیر کے روز تہوار منانے کے بعد رات کو سو رہا تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، جس کے فوری بعد گھر میں رکھے فریج میں زور دار دھماکہ ہوا اور آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گھر کے اندر سو رہے افراد کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔
اس اندوہناک حادثے میں جان گنوانے والوں میں 45 سالہ شاردا دامونے، 50 سالہ بھارتی راجا رام دامونے اور خاندان کے مزید دو افراد شامل ہیں۔ وہیں 28 سالہ پریا دامونے اور 25 سالہ گنگا دامونے اس واقعے میں بری طرح جھلس گئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں خواتین کے جسم کا 70 سے 80 فیصد حصہ جل چکا ہے اور وہ ایک نجی اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
متاثرہ خاندان مزدور پیشہ تھا اور ایک شیڈ نما کچے مکان میں رہائش پذیر تھا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ فریج جل کر ایک چھوٹے سے بکسے کی شکل اختیار کر گیا اور گھر میں رکھا سارا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ تہوار کی خوشیوں کے فوراً بعد پیش آنے والے اس اندوہناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے اور مقامی لوگ شدید صدمے میں ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بیلگاوی کے پولیس کمشنر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ مارکیٹ پولیس نے اس حادثے کی باریک بینی سے تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ شارٹ سرکٹ اور فریج میں ہونے والے دھماکے کی اصل وجوہات کا حتمی تعین کیا جا سکے۔




