بھٹکل(فکرو خبر نیوز) ریاست کرناٹک میں جہاں بھی شعری و ادبی سرگرمیاں جاری ہیں ان میں ایک قابل قدر حصہ بھٹکل کے ادباء و شعرا کا ہے ۔ادبی سرگرمیوں میں یہاں کچھ نوجوان شعراء و ادباء شعر و ادب کی شمع فروزاں کیے ہوئے ہیں۔ اور نوجوانوں کی اسی جنونی کیفیت کی وجہ سے بھٹکل میں شعری اور ادبی سرگرمیاں انجام پا رہی ہیں۔ محفل شعر و ادب بھٹکل کے جنرل سیکرٹری مولوی رائف کولا ندوی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ محفلِ شعر و ادب کے زیر اہتمام گزشتہ تین برسوں میں ایک طرف کئی ایک طرحی مشاعرے منعقد کیے گئے تو وہیں دوسری جانب روزانہ کی بنیاد پر ایک بہترین منتخب شعر سوشل میڈیا کے ذریعے قارئین کو بھیجنے کا اہتمام بھی کیا گیا ،جو بلا ناغہ ابھی تک جاری ہے اور اس سلسلے کے ایک ہزارمنتخب اشعار (1000) کی ترسیل کا کام بھی پابندی سے انجام دیا گیا ہے ۔اس بیچ محفلِ شعر و ادب کے سکریٹری مولوی محی الدین بشار رکن الدین شیکرے ندوی نے میڈیا کو بتایا کہ بھٹکل میں پچھلے کچھ برسوں سے محفل شعرو ادب کے زیر اہتمام مختلف ادبی سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔ اسی کے تحت وقتا فوقتا طرحی مشاعرے بھی منعقد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادبی سلسلہ اشعار’عرض ہے‘ بھی محفل شعر و ادب ہی کا حصہ ہے اس کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ایک شعر قارئین کو بھیجا جاتا ہےاور اب اس سلسلے کے ایک ہزار اشعار مکمل ہوئے جس میں اردو کے معروف شعراء کے منتخب اشعار کو سامعین کے ادبی ذوق کی تسکین کی خاطر روزانہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عام کیا گیاہے۔۔انہوں نے اس موقع پر سامعین کے تعاون پر خوشی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ آنے والے دنوں میں اگر قارئین کا تعاون اسی طرح حاصل رہا تو وہ ادبی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کریں گے۔انہوں نے مزید یہ بھی اطلاع دی کہ 12/ ذی قعدہ مطابق 30 اپریل 2026 کو معہد امام حسن البنا شہید میں بعد نماز عشاء 9:15بجے ایک غیر طرحی شعری نشست منعقد کی گئی ہے جس میں بھٹکل کے معروف شعراء اپنا کلام پیش کریں گے ۔انہوں نے عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی گزارش کی ہے۔




