بھٹکل (فکروخبر نیوز): ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) بھٹکل یونٹ کے زیرِ اہتمام ہفتہ بعدِ عصر رابطہ ہال، بھٹکل میں "ملت کو درپیش قانونی چیلنجز اور ان کا حل” کے عنوان سے ایک معلوماتی و عوامی پروگرام منعقد ہوا، جس میں کرناٹک ہائی کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ اور اے پی سی آر کرناٹک کے جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ سید اکمل رضوی نے بطورِ کلیدی مقرر خطاب کرتے ہوئے شہریوں کو درپیش مختلف قانونی مسائل اور ان کے مؤثر حل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے صرف زبانی شکایات یا سرکاری افسران سے ملاقاتوں پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے، بلکہ ہر معاملے میں قانونی اور دستاویزی طریقۂ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریری درخواست، اس کی وصولی کا ثبوت اور قانونی دستاویزات ہی کسی بھی معاملے میں شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا مضبوط ذریعہ بنتی ہیں۔
انہوں نے خصوصی طور پر نئے پاسپورٹ کے اجرا میں شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد کو ایسے مقدمات کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو کئی برس قبل عدالتوں سے ختم ہو چکے ہیں۔ ایسے متاثرہ افراد کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حقِ اطلاعات (RTI) قانون کے تحت متعلقہ محکمے سے اپنی درخواست کی مرحلہ وار پیش رفت طلب کریں تاکہ تاخیر یا رکاوٹ کی اصل وجہ معلوم ہو سکے اور متعلقہ حکام جواب دہ بن سکیں۔
ایڈوکیٹ اکمل رضوی نے سرکاری دفاتر میں شکایات درج کرانے کے مؤثر طریقے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر درخواست یا شکایت تحریری شکل میں جمع کرائی جائے اور اس کی وصولی کی تصدیق اپنے پاس محفوظ رکھی جائے۔ ان کے مطابق یہ دستاویزی ریکارڈ آئندہ قانونی کارروائی اور مسئلے کے حل میں نہایت مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہر شہری کے لیے اپنے آئینی اور قانونی حقوق سے واقف رہنا ناگزیر ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ہر معاملے میں قانونی ذرائع اختیار کریں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کی کوشش کریں، کیونکہ یہی طریقہ پائیدار اور مؤثر نتائج کا ضامن ہے۔
پروگرام میں وکلاء، طلبہ، سماجی کارکنان، مختلف ملی تنظیموں کے ذمہ داران، عمائدینِ شہر اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قانونی رہنمائی سے استفادہ حاصل کیا۔




