اللّٰہ کے نزدیک ناپسندیدہ لوگ

مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

 نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ

اللہ رب العزت کے نزدیک جو بندے پسندیدہ ہیں ان کے اوصاف پر قرآن کریم کی روشنی میں باتیں کی جاچکی ہیں اب اس کا ایک دوسرا پہلو پیش کیا جاتا ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ کون کون سے کام اللہ کے نزدیک بندے کو ناپسند بنادیتے ہیں۔ سارے منفی اور سلبی اوصاف کا یہاں ذکر مقصود نہیں ہے بلکہ ان اوصاف کا ذکر کرنا ہے جن کے بارے میں اللہ نے اپنی کتاب میں’’ إنَّ اللّٰہَ لاَ  یُحِبُّ‘‘، ’’وَاللّٰہِ لاَ یُحِبُّ‘‘ اور  ’’لاَِ یُحِبُّ اللّٰہُ‘‘ (اللہ ناپسند کرتا ہے )  کے ذریعہ اپنی نا پسندیدگی کا اعلان کیا ہے ۔

ان اوصاف میں ایک یہ ہے کہ انسان کسی بھی معاملہ میں حد سے تجاوز نہ کرے اس لئے کہ اللہ حد سے تجاوز کرنے اور آگے بڑھ جانے والے کو بالکل پسند نہیں کرتے ، ارشاد ربانی ہے’’ اِنَّ اللّٰہَ لاَ یُحِبُّ الْمُعْتَدِیْنَ (سورۃ البقرۃ:19 ) یہ حد سے گزرنا کسی بھی موقع اور کسی بھی معاملہ میں ہوسکتا ہے ،ایک تو میدان جنگ ہے جہاں آدمی اپنے دشمنوں کے ساتھ نفرت و دشمنی کی وجہ سے حد سے تجاوز کرتاہے اور ان حدود کو پار کر جاتا ہے جو شریعت نے ایسے موقعوں کے لئے مقرر کیا ہے ، مثلاً جنگ کے میدان میں مرنے والوں کی اہانت، ان کا مُثلہ یعنی ناک کان کاٹ کر ان کی صورت بگاڑ دینا، یہ شریعت کے مقرر کردہ حدود سے تجاوز ہے ، اللہ تعالیٰ اس کو پسند نہیں کرتے ۔

بعض لوگ دعاؤں میں بھی حد سے گزر جاتے ہیں،اللہ رب العزت کا حکم ہے کہ ’’اپنے رب کو پکارو، گڑگڑاتے ہوئے اور چپکے چپکے ،یقیناً اللہ تعالیٰ حد سے گزرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘(الاعراف:55 )دعا میں لفظی تکلفات، قافیہ بندی، غیر ضروری شروط، اپنے علاوہ دوسروں کے لئے بد دعائ، بلا ضرورت چلّاکر دعا کرنا یہ سب حد سے تجاوز کرنے کے ذیل میں آتے ہیں (معارف القرآن:ج3ص57 )حد سے گزرنے کی ایک قسم یہ بھی ہے کہ بندہ ان چیزوں کو حلال سمجھنے لگے جن کو اللہ نے حرام قرار دیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۔’’اے ایمان والو! اللہ نے تمہارے لئے جو پاکیزہ چیزیں حلال کی ہیں ان کو حرام قرار نہ دو اور حد سے آگے نہ نکلو، یقین جانو کہ اللہ تعالیٰ حد سے آگے نکلنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘(المائدۃ:87 )

اللہ رب العزت نے اس بات سے بھی منع کیا ہے کہ لوگ اپنے طور پر حلال و حرام کی تعیین کرنے لگیں،اللہ رب العزت نے اسے  اپنی ذات پر بہتان اور گناہ قرار دیا ہے (النحل:116 )حد سے تجاوز کرنے کی ایک شکل چیخ چلِّاکر باتیں کرنا بھی ہے ،اللہ رب العزت کو یہ بھی پسند نہیں ہے کہ مظلوم کے علاوہ کوئی زور سے چلا کر بات کرے ، مظلوم کا آہ و بکا اور چیخ و پکار کرنا فطری ہے ، اس لئے اللہ رب العزت نے اس کا استثناء کردیا اور فرمایا: ’’اللہ رب العزت زور سے ایک دوسرے کو پکارنے کو پسند نہیں کرتے الا یہ کہ اس پر ظلم کیا گیا ہو(سورۃ النسائ:148)

اللہ کے ناپسندیدہ بندوں میں اللہ پر ایمان نہ لانے والے ، اس کے معبود ہونے کا انکار کرنے والے اور اس کو کائنات کا خالق و مالک نہ ماننے والے بھی ہیں، جنہیں کافر کہا جاتا ہے ، ایسے لوگوں کی اللہ تعالیٰ نے یہ نشانی بیان کی کہ وہ اللہ کی نشانیوں کو جھٹلاتے ہیں اور نبیوں اور عدل و انصاف کی بات کرنے والوں سے لڑتے ہیں ، ایسے لوگوں کے بارے میں دردناک عذاب کی وعید دی گئی ۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:’’جو لوگ اللہ تعالٰی کی آیتوں کا انکار کرتے ہیں اور ناحق نبیوں کو قتل کر ڈالتے ہیں اور جو لوگ عدل و انصاف کی بات کہیں انہیں بھی قتل کر ڈالتے ہیں تو اے نبی! انہیں دردناک عذاب کی خبر دے دیجئے ۔یہ وہ لوگ ہیں جن کے اعمال دنیا اور آخرت دونوں میں ضائع ہوگئے ، اور ان کا کوئی مددگار نہیں ہے ۔‘‘(آل عمران:21-22)

 اس کے مقابلہ میں اللہ تعالیٰ نے ایمان لانے والوں اور اچھے کام کرنے والوں کوخوش خبری سنائی ہے ۔ ’’کفر کرنے والوں پر ان کے کفر کا وبال ہوگا اور نیک کام کرنے والے اپنی ہی آرام گاہ سنوار رہے ہیں،تاکہ اللہ تعالٰی انہیں اپنے فضل سے بدلہ دے جو ایمان لائے اور نیک اعمال کئے ،بے شک وہ ناشکروں کو پسند نہیں کرتا ہے ۔(الروم:45)

کفر اور شرک دونوں نتائج کے اعتبار سے ایک ہیں، کفر انکار کو کہتے ہیں اور شرک اللہ رب العزت کی ذات و صفات میں کسی کو شریک کرلینے کو، چوں کہ اللہ کا کوئی ہم سر نہیں ہے اس لئے اس کے ساتھ کسی کو کسی بھی طرح شریک کرنا بڑا ظلم ہے ، اللہ رب العزت کا ارشاد ہے کہ’’شرک بڑا ظلم ہے۔‘‘ (سورۃ لقمان:13 )

اتنا بڑا ظلم کہ اللہ سارے گناہ کو معاف کر سکتا ہے ،لیکن شرک معافی والی فہرست سے باہر ہے ؛کیوں کہ اللہ کے ساتھ جو شریک ٹھہراتے ہیں، اللہ ان کی مغفرت نہیں فرماتا، اس لئے کہ جس نے اللہ کے ساتھ شریک ٹھہرایا اس نے اللہ پر بہتان باندھا۔(سورۃ النسائ:48) اللہ کو یہ افترا اور بہتان پسند نہیں ہے ، یہ ظلم کا کامل درجہ ہے ، اس میں دوسرے ادنیٰ درجہ کے ظالمین بھی شامل ہیں، اللہ کا اعلان ہے کہ اللہ ظلم کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا ’’واللّٰہ لا یُحِبُّ الظّٰلمین۔‘‘(آل عمران:57) اللہ رب العزت نے مومنین کو تسلی دیتے ہوئے یہ بھی فرمایا کہ’’ہم لوگوں کے درمیان حالات کی ادلا بدلی کرتے رہتے ہیں، اور اللہ ظالموں کو دوست نہیں رکھتا۔‘‘(آل عمران:140)

 اس سلسلے میں اللہ رب العزت نے بندوں کے لئے یہ اصول بھی بیان فرمایا کہ’’ بُرائی کا بدلہ اسی قدر برائی سے دیا جاسکتاہے، تو جس نے معاف کردیا اور اصلاح کرلیا تو اس کا بدلہ اللہ رب العزت کے ذمہ ہے کیوں کہ اللہ ظالمین کو پسند نہیں فرماتا (الشوری:40)

اس قسم کے تمام لوگ جو حد سے گزرنے والے ہیں، وہ ظلم کرنے والے ہیں اور اللہ کی زمین میں فساد پھیلانے والے ہیں،حالانکہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ اصلاح کا کام کر رہے ہیں لیکن در حقیقت وہ لوگ فسادی ہیں۔ ان کا عمل تو یہ ہے کہ ’’وہ زمین میں فساد ڈالتے پھرتے ہیں، کھیتی اور جانوں کو تباہ کرتے ہیں، اللہ ایسے مفسدین کو پسند نہیں کرتا(البقرہ:205) اسی طرح آپس کی دشمنی اور لڑائی جھگڑے کو بھی اللہ تعالیٰ سخت ناپسند کرتا ہے ۔ یہود کے عمل کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے بیان کیا کہ قیامت تک کے لیے ان کے برے اعمال اور کفر و سرکشی کی وجہ سے ان کے اندر آپسی دشمنی اور عداوت ڈال دی گئی۔’’ اور ہم نے ان کے درمیان قیامت تک عداوت اور دشمنی ڈال دی ہے ، جب کبھی لڑائی کے لیے آگ سلگاتے ہیں تو اللہ اس کو بجھا دیتا ہے ، اوریہ زمین میں فساد پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، اور اللہ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(المائدہ:64 )اللہ رب العزت کا یہ بھی فرمان ہے کہ’’ جو مال تمہیں دیا گیا ہے، اسے آخرت کی تیاری کے لئے خرچ کرو، دنیاوی ضرورتوں کو بھی نہ بھولو، احسان کیا کرو اور زمین میں فساد نہ پھیلاؤ، اللہ فسادیوں کو پسند نہیں کرتا ۔‘‘(القصص:77)

اللہ رب العزت نے بے جا خرچ کرنے کو منع کیا اور اللہ کے نیک بندوں کی صفت اعتدال سے خرچ کرنے کو قرار دیا،فرمایا کہ’’اور وہ جب خرچ کرتے ہیں تو نہ فضول خرچی کرتے ہیں اور نہ کنجوسی(بلکہ ) ان کا خرچ کرنا ان (دونوں) کے درمیان (حد اعتدال پر) ہوتا ہے ۔‘‘(الفرقان:67 )

اللہ کا حکم ہے کہ بے جا خرچ نہ کرو، اس لئے کہ ’’بے جا خرچ کرنے والے اللہ کو پسند نہیں ہیں ۔‘‘(الانعام:14 ) اللہ چاہتے ہیں کہ کھاؤ، پیو اور حد سے نہ بڑھو(یعنی فضول خرچی نہ کرو)، اس لئے کہ ’’حد سے بڑھنے والے اللہ کے محبوب نہیں ہوسکتے ۔‘‘(الاعراف:31)

اللہ کے نزدیک مبغوض اور ناپسندیدہ بنانے والی ایک صفت خیانت ہے یہ خیانت مال میں بھی ہوتی ہے ، امانت میں بھی اور رازدارانہ گفتگو کے افشاء کے ذریعہ بھی، یہ منافق کی علامتوں میں سے ایک علامت ہے ، بھلا جس میں منافق کی علامت ہو اسے اللہ کس طرح پسند کرسکتے ہیں، اللہ نے اعلان فرمادیا کہ’’ اللہ خائنین کو پسند نہیں کرتا(الانفال:58)اسی طرح اللہ رب العزت کو تکبر بھی پسند نہیں ہے ، اس لیے کہ کبر اللہ کی چادر ہے جو اس میں داخل ہوگا، ذلیل ہوجائے گا، ا یک حدیث قدسی میں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ”عزت میری ازار اور کبریائی (بڑائی) میری چادر ہے چنانچہ جو شخص ان دونوں میں سے کوئی شے مجھ سے کھینچے گا میں اسے عذاب دوںگا‘‘(صحیح مسلم)

اس کا حکم ہے کہ’’اللہ رب العزت نے جو تمہیں ہدایت کی دولت سے مالا مال کیا ہے اس پر اللہ کی بڑائی بیان کرو۔‘‘(سورۃ البقرۃ:185) 

اذان، اقامت، تکبیر تشریق، جانور کو ذبح کرتے وقت بسم اللہ، اللہ اکبر کہنا، نماز میں اٹھتے بیٹھتے اللہ اکبر کہلانے کی مصلحت یہی ہے کہ اللہ کی بڑائی بیان کی جائے ، ولادت کے وقت دائیں کان میں اذان کے الفاظ اور بائیں کان میں اقامت کے کلمات کہنے کا بھی یہی مقصد ہے کہ پہلے دن سے اللہ اکبر بچے کے ذہن میں محفوظ ہوجائے ۔ اللہ کے علم میں ہے جو بندہ کرتاہے چاہے وہ چھپا کر کرے یا اعلانیہ، تکبر اور غرور کرنے والے اللہ کے نزدیک مبغوض ہیں۔ اللہ رب العزت نے ان طریقوں کو بھی پسند نہیں کیا جو کبر کی علامت ہیں، فرمایا’’زمین پر اکڑ کر نہ چلو، کیوں کہ تم زمین کو پھاڑ نہیں سکتے اور پہاڑ کی اونچائیوں تک پہونچ نہیں سکتے ۔‘‘(الاسرائ:37)اِترانا بھی تکبر کی ہی ایک قسم ہے ، مال و دولت، جاہ و حشمت، پاکر اترانا مؤمن کی شان نہیں ہے اس لیے کہ’’ اللہ شیخی بگھارنے اور تکبر کرنے والے کو پسند نہیں کرتے (سورہ لقمان:31)

 بندہ کی شان یہ ہے کہ وہ مال و دولت، جاہ و حشمت کو، خدا کی عطا اور پھر اس عطا پر شکریہ ادا کرے ، اس سے نعمت خداوندی میں اضافہ ہوتا ہے ۔ اور اگر شکرگزاری کے بجائے تکبر کیا تو اللہ رب العزت کا عذاب انتہائی سخت ہے ، مومن کو کامل مومن بننے کے’’ ایجابی‘‘ یعنی اللہ کے محبوب بننے کے جو اوصاف ہیں اور’’سلبی‘‘ یعنی جو اللہ کے نزدیک ناپسندیدہ ہیں، دونوں کا خیال رکھنا چاہیے ، یوں تو اللہ غفور رحیم ہے ، اعمال میں کوتاہی نہ ہو اور اللہ سے اچھی امید رکھی جائے ، یہی ایمان و اسلام کا خلاصہ ہے ، ’’الاِیْمَانُ بَیْنَ الْخَوْفِ وَ الْرِّجَائِ۔‘‘ کہا گیا ہے یعنی ایمان خوف اور امید کے درمیان کی چیز ہے ۔

مضمون نگار کی رائےسے ادارہ کا متفق ہوناضروری نہیں ہے۔

«
»

’پسماندہ مسلمانوں‘ سے ہمدردی حقیقی یا تقسیم کرنے کی سازش؟

جناب مقصود حسن صاحب: ایک مخلص اور کامیاب استاذ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے