آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذمہ داران کی علماء اور عمائدین کے ساتھ خصوصی نشست
بھٹکل (فکروخبر نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ذمہ داران کی بھٹکل آمد کے موقع پر عمائدینِ قوم، خلیجی ممالک کی جماعتوں اور مضافات کے علاقوں کے ذمہ داران کی خصوصی نشست میں شریعت کے تحفظ، اس کی صحیح تفہیم اور معاشرے میں عملی نفاذ کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے بنیادی مقاصد کو تین الفاظ میں بیان کیا جاسکتا ہے: تحفظِ شریعت، تفہیمِ شریعت اور تنفیذِ شریعت۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف شریعت کے احکام کا تحفظ کافی نہیں، بلکہ نئی نسل، خواتین اور معاشرے کے ہر طبقے تک ان احکام کی حکمت اور اسلامی عائلی نظام کی اہمیت کو صحیح انداز میں پہنچانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مولانا مجددی نے کہا کہ شریعت کی تفہیم کے بعد اصل مطلوب یہ ہے کہ مسلمان اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور شریعت کے احکام کو محض نظری مباحث کے بجائے عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے بورڈ کی جانب سے مختلف شعبوں میں انجام دی جارہی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف جماعتوں اور اداروں کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں شریعت کے حوالے سے صحیح شعور پیدا کرنے اور بورڈ کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
نشست کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کی۔ اس موقع پر بورڈ میں شامل بھٹکل کے ذمہ داران میں مولانا محمد الیاس ندوی، مولاناعبدالعلیم قاسمی، مولانا مقبول احمد ندوی اور عتیق الرحمن منیری سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔




