بھٹکل (فکروخبر نیوز) بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور تدریس میں جدید ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے لیے آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن (AIITA) کرناٹک کے زیر اہتمام اساتذہ کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ شمس پی یو کالج اور نیو شمس اسکول کے تعاون سے اتوار کے روز ڈاکٹر ایم ٹی حسن باپا ہال میں منعقدہ ورکشاپ میں 21ویں صدی کی تدریسی مہارتوں اور مصنوعی ذہانت کے مفید ٹولز کے استعمال پر عملی تربیت فراہم کی گئی۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (MANUU) پولی ٹیکنیک بنگلورو کے پروفیسر محبوب الحق نے بحیثیت ریسورس پرسن شرکت کرتے ہوئے اساتذہ کو بتایا کہ تیزی سے تبدیل ہوتی تعلیمی دنیا میں جدید ٹیکنالوجی اور AI ٹولز کو تدریسی عمل کا حصہ بنا کر تعلیم کو مزید مؤثر، دلچسپ اور نتیجہ خیز بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مختلف ٹیکنالوجی ٹولز کے عملی استعمال کے طریقے بھی پیش کیے۔
اس موقع پر AIITA کے ریاستی نائب صدر ڈاکٹر ثناء اللہ شریف نے ’بحیثیت معلم نبی اکرم ﷺ‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کو علمی و اخلاقی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا اور تدریس میں انسانی اقدار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ورکشاپ کے دوران طویل تعلیمی خدمات انجام دے کر سبکدوش ہونے والے AIITA اتر کنڑ کے ضلعی صدر علی منیگار، غالب اوٹی اور عذرا خاتون کی گلپوشی کے ذریعے پذیرائی کی گئی۔ اسی طرح اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے ریٹائرڈ پی ای ٹی ٹیچر نظام الدین ممٹی گٹی کو تعلیمی و تربیتی خدمات کے اعتراف میں ’آئیڈیل ٹیچر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2026‘ سے نوازا گیا۔ نیو شمس اسکول میں 18 سال تک تدریسی خدمات انجام دینے والی معلمہ ہاجرہ جبین کے لیے بھی اسکول انتظامیہ کی جانب سے الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کا آغاز AIITA کے ریاستی صدر محمد رضا مانوی کے افتتاحی و استقبالیہ کلمات سے ہوا جبکہ ریاستی سکریٹری یاسین بھکبا نے تنظیم کے مقاصد اور سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا۔ تعلیمی ادارے کے نائب صدر مولانا ضیاء الرحمن رکن الدین نے صدارتی خطاب کیا۔ اسکول و کالج انتظامیہ کے سکریٹری سید قطب برماور ندوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نظامت کے فرائض استاد عرفات نے انجام دیے، جبکہ پرنسپل فہمیدہ ڈاٹا کے کلماتِ تشکر کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔




