ابو ظبی میں بھٹکلی طالبہ کی شاندار کامیابی، 98.4 فیصد نمبرات کے ساتھ بن گئیں اسکول میں گرلز ٹاپر

ابو ظہبی (فکروخبرنیوز) تعلیمی میدان میں ایک قابلِ فخر کامیابی حاصل کرتے ہوئے فردوس ایم جے نے سی بی ایس ای دسویں جماعت کے امتحان میں 98.4 فیصد نمبر حاصل کر کے نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور گرلز سیکشن میں ٹاپر رہیں۔ وہ ابو ظہبی انڈین اسکول، مرور کی طالبہ ہیں۔

فردوس ایم جے، آفتاب ایم جے اور نہدیہ خلیفہ کی صاحبزادی ہیں۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر اہلِ خانہ، اساتذہ اور دوست و احباب میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر طرف سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مارک شیٹ کے مطابق فردوس نے تمام مضامین میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے انگریزی میں 96، عربی میں 100، ریاضی میں 98، سائنس میں 99 اور سماجی علوم میں 99 نمبر حاصل کیے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 98.4 فیصد اسکور کرنے میں کامیاب رہیں۔

اساتذہ کے مطابق فردوس ایک نہایت محنتی، باصلاحیت اور نظم و ضبط کی پابند طالبہ رہی ہیں، جو شروع سے ہی اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیتی آئی ہیں۔ ان کی یہ کامیابی ان کی لگن، محنت اور اساتذہ کی رہنمائی کا بہترین ثبوت ہے۔

اس موقع پر والدین نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی بچی کی مسلسل محنت اور اساتذہ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فردوس مستقبل میں بھی اسی طرح کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گی اور قوم و ملت کا نام روشن کریں گی۔

تعلیمی و سماجی حلقوں نے فردوس ایم جے کی اس نمایاں کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

شیئر کریں۔