بھٹکل (فکروخبر نیوز): مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی اور علی پبلک اسکول و پی یو کالج کے ٹرسٹی، معروف شخصیت جناب عبدالحمید دامودی رحمۃ اللہ علیہ کے سانحہ ارتحال پر آج صبح اسکول میں ایک باوقار تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف اداروں کے ذمہ داران، ممتاز علماء کرام اور دانشوروں نے مرحوم کی گراں قدر خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی وفات کو قوم و ملت اور خصوصاً تعلیمی تحریک کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔
تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے اکیڈمی اور اسکول کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے انتہائی غمگین لہجے میں مرحوم کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی کے قیام کے اولین دور سے ہی جناب عبدالحمید صاحب کا مخلصانہ تعاون ہمیں حاصل رہا، اور جب علی پبلک اسکول کی بنیاد رکھی گئی تو انہوں نے اس مشن کو آگے بڑھانے میں بھی کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ مولانا نے ایک اہم ترین پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے ایک بلاک کو مرحوم عبدالحمید دامودی کے نام سے موسوم کیا گیا ہے، تاکہ آنے والی نسلیں اپنے ان محسنین کے کارناموں سے واقف ہو سکیں اور ان کے اندر بھی قوم کی خدمت کا سچا داعیہ پیدا ہو۔ انہوں نے جامعۃ الصالحات کے لیے مرحوم کی جانب سے زمین اور ایک مکمل عمارت اپنے ذاتی صرفہ سے تعمیر کرانے کا بھی خصوصی ذکر کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے کہا کہ ہم بچپن سے ہی بزرگوں کی زبانی عبدالحمید صاحب کے کارِ خیر اور ان کی سخاوت کے قصے سنتے آئے تھے، اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی آنکھوں سے ان کی ان مخلصانہ خدمات کا مشاہدہ کرنے کا موقع دیا۔ خصوصاً تعلیمی میدان میں کام کرنے والوں کی جس فراخ دلی سے انہوں نے حوصلہ افزائی کی، وہ سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے مرحوم کے اہل خانہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ان کے تعلقات کو برقرار رکھیں وہیں سابق نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالعظیم ندوی نے بھی جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے وابستہ مرحوم کی خدمات کے کئی اہم واقعات پیش کیے۔نائب ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا خلیل الرحمن منیری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یہ تعزیتی اجلاس نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالنور ندوی کی رقت آمیز دعا پر اپنے اختتام کو پہنچا۔




