ممبئی: ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ڈی اے) نے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل-2 کے قریب واقع ایک مسجد کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اتھارٹی کے اہلکاروں نے اتوار کے روز مسجد کے مرکزی دروازے پر باقاعدہ نوٹس چسپاں کر کے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ایم آئی اے ایل) کو کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ عبادت گاہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل-2 کے ’ارائیول گیٹ‘ اور ٹیکسی پارکنگ ایریا کے نزدیک واقع ہے۔ ایم ایم آر ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس ڈھانچے کی تعمیر کے لیے مجاز حکام سے کوئی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔ اتھارٹی نے واضح انتباہ دیا ہے کہ اگر ایئرپورٹ انتظامیہ (ایم آئی اے ایل) نے اس مسجد کو ہٹانے کے لیے فوری اقدامات نہیں کیے تو خود ایئرپورٹ کمپنی کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس معاملے کا پس منظر بی جے پی رہنما کریٹ سومیا کی جانب سے طویل عرصے سے کی جانے والی شکایات سے جڑا ہوا ہے۔ کریٹ سومیا کا الزام ہے کہ تقریباً پانچ ہزار مربع فٹ سرکاری اراضی پر بغیر کسی اجازت کے قبضہ کر کے یہ تعمیر کی گئی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ سال 2014 سے قبل اس مقام پر کوئی ڈھانچہ موجود نہیں تھا اور بعد میں ٹین شیڈ ڈال کر مستقل تعمیر کر لی گئی۔ بی جے پی رہنما نے اسے ایئرپورٹ جیسے حساس سیکیورٹی زون کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے نہ صرف مسجد کو منہدم کرنے بلکہ اس کی تعمیر کے ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب مسجد کا انتظام سنبھالنے والے ’اشبل الجنت ایئرپورٹ چیریٹیبل ٹرسٹ‘ نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنا موقف واضح کیا ہے۔ مسجد انتظامیہ کے مطابق اس عبادت گاہ کی تعمیر باقاعدہ اجازت اور متعلقہ حکام کے علم میں لا کر کی گئی تھی۔ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ اس وقت ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے والی کمپنی جی وی کے (GVK) اور ایئرپورٹ افسران کو اس کی مکمل اطلاع تھی، اور ثبوت کے طور پر سال 2015 کا ایک سرکاری خط بھی موجود ہے جس میں اس عبادت گاہ کا واضح ذکر ہے۔ تاہم ایم ایم آر ڈی اے کا موقف ہے کہ ٹرسٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات تعمیر کو قانونی ثابت کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔
اس کارروائی کے بعد مقامی سطح پر اور ایئرپورٹ پر کام کرنے والے عملے، ٹیکسی ڈرائیوروں اور مسافروں میں تشویش پائی جا رہی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اس مسجد میں نماز ادا کرتے ہیں۔ حساس مقام اور مذہبی نوعیت کا معاملہ ہونے کے باعث انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے۔
موجودہ صورتحال کے پیش نظر اب تمام نظریں ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے آئندہ اقدام اور مسجد ٹرسٹ کی قانونی حکمت عملی پر مرکوز ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ٹرسٹ کی جانب سے ایم ایم آر ڈی اے کے اس نوٹس اور انہدامی حکم کو عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے تاکہ دستاویزی شواہد کی بنیاد پر عبادت گاہ کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔




