جموں و کشمیر میں نجی کمپنیاں مقامی نوجوانوں کو روزگار دیں، بیرونی بھرتی برداشت نہیں ہو گی: عمر عبداللہ

سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے یونین ٹیریٹری میں کام کرنے والی اور نیا کاروبار شروع کرنے والی نجی کمپنیوں کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ وہ ملازمتوں میں مقامی نوجوانوں کو اولیت دیں۔ سری نگر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان کی حکومت خطے میں باہر سے افراد کو لا کر بھرتی کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ وزیراعلیٰ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مقامی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے عوامی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔

اخبار دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق عمر عبداللہ نے منگل کے روز ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کمپنیوں کے اس ممکنہ عذر کو بھی مسترد کر دیا کہ مقامی سطح پر ہنر مند افراد دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کمپنی کو فوری طور پر مطلوبہ مہارت رکھنے والے امیدوار نہیں ملتے، تو حکومت انہیں مقامی نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے چھ ماہ سے ایک سال تک کا وقت دینے پر غور کر سکتی ہے، لیکن تربیت یافتہ عملہ نہ ہونے کا بہانہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق عمر عبداللہ کا یہ سخت موقف جموں و کشمیر کے ریاستی درجے اور خصوصی حیثیت کی بحالی کے مطالبات کے تناظر میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ سال 2024 کے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے اپنے منشور میں مقامی حقوق کے تحفظ اور خصوصی حیثیت کی بحالی کو کلیدی حیثیت دی تھی۔ ان مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کے سبب اپوزیشن جماعتیں عمر عبداللہ حکومت کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں، جس کے بعد حکومت اب مقامی روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متحرک نظر آ رہی ہے۔

اس معاملے کا تاریخی پس منظر اگست 2019 کے آئینی فیصلوں سے جڑا ہوا ہے، جب مرکزی حکومت نے آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کر کے جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کر دیا تھا اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ اس کے بعد 2020 میں متعارف کرائے گئے نئے ڈومیسائل قوانین کے تحت ایسے غیر مقامی افراد کو بھی سرکاری ملازمتوں اور جائیداد خریدنے کا اہل قرار دیا گیا جو پندرہ برس سے وہاں مقیم ہوں یا سات سال تک وہاں تعلیم حاصل کر چکے ہوں۔

دفعہ 370 کی منسوخی سے قبل جموں و کشمیر کے مستقل باشندوں کو ملازمتوں اور زمین کی ملکیت میں خصوصی آئینی تحفظ حاصل تھا۔ بعد ازاں دسمبر 2023 میں سپریم کورٹ نے دفعہ 370 کی منسوخی کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کو جلد از جلد جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اکتوبر 2025 میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی بیان دیا تھا کہ تمام سیاسی فریقین سے مشاورت کے بعد مناسب وقت پر ریاستی درجہ بحال کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے اس تازہ اعلان سے جموں و کشمیر کے تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے جو طویل عرصے سے روزگار کے مواقع کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر نجی شعبے میں مقامی بھرتی کی اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد ہوتا ہے تو اس سے نہ صرف مقامی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ نوجوانوں میں پائی جانے والی بے چینی بھی کم ہو گی۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اس بیان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کون سا ضابطہ یا پالیسی فریم ورک متعارف کراتی ہے اور یونین ٹیریٹری میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں حکومت کی اس ہدایت پر کس حد تک عمل درآمد کرتی ہیں۔

شیئر کریں۔