بنگلورو(فکروخبرنیوز) ریاستی وزیر برائے صحت، اقلیتی بہبود، اوقاف و حج یو ٹی قادر نے آج بتایا کہ کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ نے وقف کے تحت آنے والے مساجد کے پیش اماموں اور مؤذنین کو اعزازیہ کی ادائیگی کے نظام کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے شفافیت کے ساتھ براہ راست مستحقین کے بینک کھاتوں میں رقم منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) نظام اختیار کیا گیا ہے اور وقف بورڈ اس عمل کو تین مرحلوں میں مکمل کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جولائی 2026 کے اختتام تک ریاست میں بورڈ کے تحت آنے والے اوقافی اداروں سے وابستہ مجموعی طور پر 15,936 مستحقین اعزازیہ حاصل کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان میں 8,032 پیش امام اور 7,904 مؤذن شامل ہیں۔اعزازیہ کی ادائیگی کے سلسلے میں مالیاتی محکمہ کے حکم نامہ نمبر آئی-265-ایف آر، مورخہ 15 اکتوبر 2025 کی ہدایات کے مطابق پرانے چیک کے ذریعے ادائیگی کے نظام کو ختم کردیا گیا ہے۔ اس کے بجائے وقف بورڈ کے بینک کھاتے کو پبلک فنڈ مینجمنٹ سسٹم (پی ایف ایم ایس) کے تحت سنگل نوڈل ایجنسی (ایس این اے) اکاؤنٹ میں تبدیل کیا گیا ہے۔اب مستحقین کو اعزازیہ اور دیگر ادائیگیاں کے ٹو (K2) اور سیوا سندھو سافٹ ویئر کے ذریعے براہ راست ان کے بینک کھاتوں میں ڈی بی ٹی کے تحت منتقل کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
جناب یو ٹی قادر کے مطابق پہلے مرحلے میں ریاست کے 6,735 پیش اماموں اور مؤذنوں کے آدھار سے منسلک بینک کھاتوں میں اعزازیہ کی رقم کامیابی کے ساتھ منتقل کردی گئی ہے۔دوسرے مرحلے کے تحت مزید 2,369 مستحقین کو اعزازیہ کی ادائیگی کے لیے درکار تمام تفصیلات سیوا سندھو محکمہ کو ارسال کردی گئی ہیں اور ان کی ادائیگی کا عمل جاری ہے۔تیسرے اور آخری مرحلے میں باقی تمام مستحقین کو اعزازیہ منتقل کرنے کے لیے وقف بورڈ کا عملہ مسلسل کام کررہا ہے تاکہ ریاست بھر میں اس نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر نافذ کیا جاسکے۔وقف بورڈ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مستحق کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس مقصد کے تحت نومبر 2026 کے اندر ستمبر اور اکتوبر 2026 کے بقایا اعزازیہ کی مکمل رقم مستحقین کے بینک کھاتوں میں منتقل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔بورڈ کے اس اقدام کا مقصد اعزازیہ کی ادائیگی کے نظام میں شفافیت، جواب دہی اور سہولت کو یقینی بنانا ہے تاکہ پیش اماموں اور مؤذنوں کو مقررہ اعزازیہ براہ راست ان کے بینک کھاتوں میں حاصل ہوسکے۔




