ریاض الرحمٰن اکرمی ندوی
علم کے بغیر انسانی زندگی کا تصور محال ہے اور علم کتابوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ دنیا چاہے کتنی ترقی کرے لیکن اسے کتاب سے فرار نہیں۔ اسی لیے کتابی ماحول کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اور یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ہم ایک دوسرے کو کتابوں کا تحفہ دیں گے۔حقیقت میں کتابوں سے زیادہ فائدہ مند تحفہ کوئی دوسرا نہیں۔ کتاب وہ عظیم تحفہ ہے جو آپ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارتا ہے۔
آپ اپنے بچوں کو کتاب سے بہترین تحفہ نہیں دے سکتے ہیں، کیوں کہ کتابیں جینے کا طریقہ سکھاتی ہیں۔
کتابوں کے تحفے سے بچوں کے اندر مطالعے کا شوق اور علم کا ذوق پیدا ہوگا۔
کتابوں کا تحفہ ہمیشہ محفوظ رہتا ہے۔
جس طرح صحت مند جسم کے لیے ورزش ضروری ہے اسی طرح طاقت ور اور صحت مند دماغ کے لیے کتابیں پڑھنا بھی ضروری ہے۔
ذرا ہم ان ممالک کو دیکھیں جن ممالک میں جتنی زیادہ کتابیں پڑھی جاتی ہیں ان ممالک میں اتنی ہی زیادہ ترقی اور خوش حالی ہوتی ہے۔ جہاں کتابیں زیادہ پڑھی جاتی ہیں وہ معاش، تعلیم، صحت اور ہر میدان میں نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔ اس سے معلوم ہوجاتا ہے اگر آپ نے بچوں کو کتابوں کا تحفہ دینا شروع کردیا تو ان کے لیے کتابیں بہترین تحفہ ہوں گی ۔
تحفہ دینے سے محبتیں بڑھتی ہیں۔ علم دوست، تحفوں میں علمی چیزیں دیا کرتے ہیں۔ علمی چیزوں میں کتاب کا تحفہ بہترین تحفہ ہے، اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی صلی اللّہ علیہ وسلم کو قرآن مجیدکی شکل میں قرآن کا تحفہ عطا فرمایا، کتاب ایک ایسا تحفہ ہے جسے آپ بار بار پڑھ سکتے ہیں۔
لہذا بچوں کو ان کے مزاج اور ان کی عمر کے مطابق کتابوں کا انمول تحفہ پیش کرکے قوم کے ان بچوں کو پر اعتماد اور عظیم انسان بننے کا ایک سنہرا موقع فراہم کیجیے۔
بچوں کو بطور تحفہ ماہانہ رسائل جاری کیجیے، مائل خیرآبادی، افضل حسین صاحب، طالب ہاشمی اور مرتضیٰ ساحل تسلیمی یا بچوں کے دیگر مصنفین کی بہترین کتابیں وغیرہ کہانیوں کا خزانہ پیش کرکے تحفہ کی بہترین مثال قائم کیجیے۔یا مرکزی اسلامی پبلیکشنزدہلی ،مکتبہ شباب لکھنؤ، البدر بک سینٹراعظم گڑھ، مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ دہلی، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،ادارہ ادب اطفال بھٹکل کی نشریات کی طرف سے شائع ہونے ہونے والی رنگا رنگ دلچسپ اور جاذب نظر کتابیں بچوں کو بطور انعام پیش کرسکتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں بچے آپ کی محبت اور حوصلہ افزائی کے باعث کتابیں پڑھنے کے عادی ہوجائیں گے۔ ۔۔۔۔۔ان شاءاللہ
خوشیاں لاتا ہے تحفہ
سب کو بھاتا ہے تحفہ
تحفہ چاہت کا ہے نام
میرے نبی کا ہے پیغام
آپ نے تحفہ سب کو دیا
راضی اپنے رب کو کیا
رب نے پھر احسان کیا
تحفے میں قرآن دیا




