لکھنؤ (فکروخبر نیوز) عالم اسلام کی مشہور درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مہتمم حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کی رحلت کے بعد ادارے کے نظامِ اہتمام کو حسن و خوبی کے ساتھ چلانے کے لیے نئی انتظامی تقرریوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ندوۃ العلماء کے ناظم حضرت مولانا بلال عبدالحی حسنی ندوی دامت برکاتہم کی جانب سے جاری کردہ رسمی مکتوب کے مطابق، مولانا عبدالعزیز خلیفہ بھٹکلی ندوی کو دارالعلوم ندوۃ العلماء کا مہتمم اور سینئر استاد مولانا نیاز احمد ندوی کو نائب مہتمم مقرر کیا گیا ہے۔
ناظم ندوۃ العلماء مولانا بلال عبدالحی حسنی ندوی کی جانب سے جاری مکتوب میں حضرت مہتمم صاحب مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کی رحلت کو ملتِ اسلامیہ اور ندوۃ العلماء کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی گئی ہے۔ مکتوب میں وضاحت کی گئی ہے کہ مولانا عبدالعزیز خلیفہ بھٹکلی ندوی، جو گزشتہ نصف صدی (50 سال) سے زائد عرصے سے ندوۃ العلماء میں بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں اور حضرت مہتمم صاحبؒ کی علالت کے دوران بھی کارگزار مہتمم کی حیثیت سے تمام ذمہ داریاں بحسن و خوبی سنبھال رہے تھے، ان کی انہی خدمات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہیں باضابطہ طور پر اس منصب اہتمام پر فائز کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ادارے کے انتظامی امور میں مزید بہتری کے لیے ندوۃ العلماء کے سینئر استاد مولانا نیاز احمد ندوی کو نائب مہتمم کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مولانا عبدالعزیز ندوی کا تعلق کرناٹک کے بھٹکل سے ہے اور پچاس سال سے زائد عرصے سے وہ ندوہ میں اپنی بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی کی سرپرستی انہیں حاصل رہی، جن کی وفات کے بعد حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کی نظر خاص ان پر رہی۔ مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی نے ندوہ کے پیغام کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ انتظامی حیثیت سے بھی ہمیشہ ممتاز رہے ہیں اور ان کی انتظامی صلاحیتوں کا اعتراف دنیا بھر میں پھیلے ان کے لاکھوں شاگرد کرتے ہیں۔
فکرو خبر بھٹکل دار العلوم ندوة العلماء لکھنؤ کے مہتمم مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی اور نائب مہتمم مولانا نیاز احمد ندوی کی خدمت میں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے مزید دین کا کام لے۔ آمین




