نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) نے ایک اہم فیصلے کے تحت ان تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نئے ووٹرز کے رجسٹریشن کے لیے استعمال ہونے والے آن لائن ‘فارم 6’ سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) سے متعلق اضافی ڈیکلریشن کے خانے کو حذف کر دیا ہے جہاں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اس تبدیلی کے بعد ای سی آئی این ای ٹی (ECINET) اور ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) پورٹلز پر آن لائن فارم اپنے روایتی قالب میں واپس آ گیا ہے۔
یہ اقدام الیکشن کمیشن کے 26 ستمبر کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں واضح کیا گیا تھا کہ غیر ایس آئی آر کے ادوار میں ووٹر رجسٹریشن رجسٹریشن آف الیکٹرز رولز 1960 کے تحت طے شدہ قانونی فارم کے مطابق ہی کی جائے گی۔ البتہ جن ریاستوں میں فی الوقت ایس آئی آر کا عمل جاری ہے، وہاں آن لائن فارم میں یہ اضافی شرط فی الحال برقرار رہے گی۔
واضح رہے کہ ‘فارم 6’ وہ قانونی درخوست ہے جسے اہل شہری نئے ووٹر کے طور پر اندراج کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ پہلے آن لا
ئن سسٹم میں اس کے ساتھ ایک اضافی ڈیکلریشن جوڑا گیا تھا جس میں درخواست دہندگان سے سوال کیا جاتا تھا کہ آیا ان کا یا ان کے والدین کا نام گزشتہ ایس آئی آر فہرستوں میں تھا، نیز ان سے پولنگ بوتھ اور سیریل نمبر جیسی معلومات بھی طلب کی جاتی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آن لائن فارم میں اس ناگوار تبدیلی پر الیکشن کمشنرز سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے اعتراضات اٹھائے تھے۔ انہوں نے قواعد و ضوابط میں باضابطہ ترمیم کے بغیر آن لائن پورٹل پر اس طرح کا نظام نافذ کرنے کی قانونی حیثیت اور طریقہ کار پر سوالات کھڑے کیے تھے۔
کمیشن کے حالیہ اقدام سے ان ریاستوں میں جہاں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہو چکا ہے، نئے اور نوجوان ووٹرز کو اب اضافی معلومات فراہم کرنے کی زحمت سے نجات مل جائے گی اور وہ 1960 کے قوانین کے تحت سیدھے سادھے انداز میں رجسٹریشن کرا سکیں گے۔




