بھٹکل (فکروخبر نیوز) کرناٹک حکومت نے ریاست بھر میں اضلاع کے لیے انچارج وزراء کی ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے سینئر وزیر لکشمن سوادھی کو ضلع اترا کنڑ کا انچارج وزیر مقرر کیا ہے۔ یہ فیصلہ ریاستی کابینہ کی حالیہ توسیع کے فوراً بعد سامنے آیا ہے، جس میں اترا کنڑ ضلع کے کسی بھی کانگریس رکنِ اسمبلی کو وزارتی قلمدان نہیں دیا گیا۔ ضلع سے کانگریس کے پانچ اراکینِ اسمبلی منتخب ہونے کے باوجود کسی کو بھی کابینہ میں جگہ نہ ملنے پر مقامی سیاسی حلقوں اور کارکنان میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بھٹکل کے رکنِ اسمبلی منکال وئیدیا کابینہ میں شمولیت کے مضبوط دعویدار سمجھے جا رہے تھے اور آخری مرحلے تک ان کا نام ممکنہ وزراء کی فہرست میں شامل بتایا جا رہا تھا، تاہم آخری لمحے میں ان کا نام خارج کرتے ہوئے دوانگیرے کے ایس ایس ملیلکارجن کو کابینہ میں شامل کر لیا گیا، جس کے بعد ضلع بھر میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔
اسی دوران حکومت نے ریاست میں جاری موسلادھار بارش، بعض علاقوں میں فصلوں پر کیڑوں کے حملے اور دیگر مقامات پر بارش کی کمی سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تمام اضلاع کے لیے انچارج وزراء مقرر کیے ہیں۔ اس سلسلے میں لکشمن سودھی ضلع اترا کنڑ میں بارش کے اثرات، فصلوں کو پہنچنے والے نقصان، پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی مسائل کا جائزہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق انچارج وزیر جلد ہی ضلع کا دورہ کر کے مختلف تعلقوں کی صورتحال کا معائنہ کریں گے اوراپنی رپورٹ نائب وزیر اعلیٰ و وزیر محصولات ڈاکٹر جی پرمیشور کو پیش کریں گے، جس کی بنیاد پر متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی پیکیج، نقصانات کے ازالے اور دیگر ضروری اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اگرچہ اترا کنڑ کو اس بار بھی ریاستی کابینہ میں نمائندگی حاصل نہیں ہو سکی، تاہم لکشمن سوادھی کی بطور انچارج وزیر تقرری نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، اور اب عوام کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ وہ ضلع کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کس حد تک مؤثر اقدامات کرتے ہیں۔




