بھٹکل (فکروخبر نیوز) رحمت آباد فرینڈس فورم (RFF) کے زیرِ اہتمام بچوں اور طلبہ میں عشقِ رسول ﷺ، حسنِ قرأتِ نعت اور دینی ذوق کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک عظیم الشان نعتیہ مسابقہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس مسابقے میں بھٹکل اور اطراف کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مسابقہ کو دو مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سفلی گروپ میں 8 سے 12 سال تک کے طلبہ جبکہ علیا گروپ میں 13 سے 18 سال تک کے طلبہ حصہ لے سکیں گے۔ ہر گروپ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے شرکاء کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا، جن میں پہلا انعام 9 ہزار روپے، دوسرا انعام 7 ہزار روپے اور تیسرا انعام 5 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
رحمت آباد فرینڈس فورم نے خواہش مند طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 اگست 2026 (بدھ) رات 10:00 بجے تک اپنی رجسٹریشن مکمل کر لیں۔ مقررہ تاریخ کے بعد کسی بھی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔
منتظمین نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن آن لائن ہوگی، جس کے لیے درج ذیل لنک جاری کیا گیا ہے:
رحمت آباد فرینڈس فورم نے والدین، اساتذہ اور ذمہ داران سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بچوں اور نوجوانوں کو اس بابرکت مسابقے میں شرکت کی ترغیب دیں، تاکہ نئی نسل میں محبتِ رسول اکرم ﷺ، نعت گوئی اور دینی ذوق کو مزید فروغ مل سکے۔




