قرآن و حدیث کی تشریح ہی اسلامی فقہ ہے: مولانا مقبول احمد ندوی
بھٹکل (فکروخبرنیوز) قران مجید میں اللہ تعالی اللہ تعالی نے اپنے احکامات بیان کیے ہیں اور اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے احادیث میں اس کی تفصیلات پر روشنی ڈالی ہے۔ ان ہی احکامات کو مکررات کے حذف کے ساتھ فقہاء نے بیان کیا ہے جس کو اسلامی فقہ کہا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارمہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور ٹرسٹی ونائب صدر فکر و خبر مولانا مقبول احمد ندوی نے کیا ۔ مولانا موصوف کل بعد عشاء دفتر فکروخبر میں فکروخبر اور اسلامی افکار کے زیر اہتمام منعقدہ دس روزہ آن لائن فقہ شافعی مسابقہ کے اعلانِ نتائج پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا نے کہا کہ قیامت تک آنے والے کھر بہا کھرب انسانوں کے تمام مسائل کا حل اس قرآن وحدیث کے احکامات اور اس کی تفصیلات میں ہے۔ مولا نے کھلے الفاظ میں اس بات کو بیان کیا کہ پوری سازش کے ساتھ امت کو علماء سے دور رکھنے کی کوششیں جاری ہیں اوران کے سامنے ایک ازاد ماحول کا فکرہ پیش کرکے انہیں ان تمام چیزوں سے بھی آزاد کیا جارہا ہے جو ان کی زندگی کے لیے ضروری ہیں۔ مولانا نے کہا کہ اسلاف سے جڑے رہنے پر ان کے توسط سے صحیح اسلامی تعلیمات پرہم کاربند رہ سکتے ہیں۔
مولانا مقبول احمد ندوی نے فکروخبر کے بانی و روحِ رواں مولانا سید ہاشم نظام ندوی اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فکروخبر مختلف آن لائن ذرائع کے ذریعے دین کی اشاعت اور عوام کی رہنمائی کا قابلِ قدر کام انجام دے رہا ہے، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے مفید پروگراموں کے ذریعے لوگوں کو دین سے جوڑنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
ایک اور مہمان خصوصی جناب ڈاکٹر انس نے اپنے اردو اور انگریزی کے ملے جلے خطاب میں تمام مساہمین کو مبارکباد دی اور فکر خبر کے ذریعے انجام پانے والے مختلف پروگراموں کی سراہنا کرتے ہوئے مزید اس میدان میں آگے بڑھنے کی بات کہی، انہوں نے کہا نئی نسل اسکرین سے جڑی ہوئی ہے اور بروقت کی صحیح رہنمائی نہیں کی گئی تو وہ غلط راستے اختیار کرسکتی ہے۔
مسابقہ کے کنوینر مولانا سید ابراہیم اظہر برماور ندوی نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مسابقہ میں 1654 افراد نے شرکت کی، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 478 افراد نے سوالات کے جوابات دیے۔ مسابقہ میں شریک ہونے والے تمام افراد میں سے 13 شرکاء ایسے رہے جنہوں نے تمام سوالات کے صحیح جوابات دے کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ مسابقہ کی تیاری کا آغاز یکم جولائی 2026 سے کیا گیا تھا، جب رجسٹریشن مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو فقہِ شافعی کے 200 سوالات و جوابات پر مشتمل ایک خصوصی PDF اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں فراہم کی گئی تاکہ وہ مسابقہ کی بہتر تیاری کرسکیں۔ اس کے بعد 12 جولائی سے باقاعدہ روزانہ آن لائن سوالات کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں شرکاء نے بڑی دلچسپی اور پابندی کے ساتھ حصہ لیا۔
رفقائے فکروخبر نے اس مسابقہ کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا گرانقدر تعاون پیش کیا۔ جن میں خصوصاً جناب فضل الرحمن شاہ بندری ، مولانا مفتی فیاض احمد برمارے حسینی ندوی ، مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی اور ٹیکنیکل ٹیم کی قیادت جناب عبدالعلی صدیقہ نے بحسن و خوبی انجام دی۔
واضح رہے کہ صحیح جواب دینے والے مساہمین کے درمیان اول ، دوم اور سوم انعام کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا گیا اور بقیہ صحیح جواب دینے والوں کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان کیا گیا۔ دس روز اپنے جوابات درج کرنے والے بیس مساہمین کو قرعہ اندازی کے ذریعہ اور روزانہ سب سے کم وقت میں اپنے جوابات جمع کرنے والے گیارہ افراد کو بھی خصوصی انعامات سے نوازے جانے کا اعلان کیا گیا۔
پروگرام میں دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے پروگرام کے دوران پانچ سوالات پوچھے گیے، جن کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعہ انعامات کا اعلان ہوا۔
پروگرام کا آغاز رفیق فکروخبر مولانا فارس ندوی کی تلاوت سے ہوا اور نعت محمد شعور ابن یوسف دانگی نے پیش کی ، نظامت رفیق فکروخبر مولانا عقیق الرحمن ڈانگی ندوی نے سنبھالی۔ فکروخبر کے روحِ رواں مولانا سید ہاشم نظام ندوی کی طرف سے موصولہ شکریہ نامہ مدیر اداری مولانا سید احمد ایاد ندوی نے ناظرین کے سامنے رکھا۔
پروگرام کے لیے محنت کرنے والوں میں اسلامی افکار کے ذمہ دار مولانا فضل الرحمن شاہ بندری ، رفیق فکروخبر مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ادور فکروخبر انگریزی ایڈیشن کے ذمہ دار جناب عبدالعلی صدیقہ کو خصوصی انعامات مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں دیئے گیے۔ مولانا مقبول احمد ندوی کی دعا پر یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔
نتائج کی تفصیلات کے لیے فکروخبر کے یوٹیوب چینل پر وژٹ کریں۔




