بنگلورو(پریس ریلیز) کارگل وجے دیوس، ڈاکٹرس ڈے اور یومِ صحافت کی مناسبت سے بنگلورو میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں اردو نیوز پورٹل حقیقت ٹائمز کے مدیرِ اعلیٰ عبدالحلیم منصور، وارتا بھارتی کے سینئر رپورٹر امجد خان سمیت ریاست کے متعدد ممتاز صحافیوں کو صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں "مادھیما سیوا رتنا ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ ایوارڈ یافتگان کو شال، یادگاری نشان اور سندِ اعزاز پیش کرکے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ یہ تقریب "اِدو نمّا واہنی کلا ویدیکے” اور "سورن کرناٹک ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن” کے اشتراک سے شہر کے نینا آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں کارگل وجے دیوس، ڈاکٹرس ڈے، یومِ صحافت اور ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی، فلم کانتارا سے شہرت یافتہ اداکار سوراج شیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن کی حفاظت کرنے والے فوجیوں، انسانی جانیں بچانے والے ڈاکٹروں اور معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دینے والے صحافیوں کا احترام اور ان کی خدمات کا اعتراف ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارگل وجے دیوس ہمیں ان عظیم سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
ریپبلک کنڑ چینل کی اینکر روپا چندرو نے کہا کہ فوجی، ڈاکٹر اور صحافی ایک مضبوط اور مہذب معاشرے کے تین اہم ستون ہیں۔ فوجی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، ڈاکٹر عوام کی صحت کے نگہبان ہیں، جبکہ صحافی سچائی کو سامنے لا کر معاشرے کی اصلاح میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے متعدد سینئر اور باصلاحیت صحافیوں کو "مادھیما سیوا رتنا ایوارڈ” سے سرفراز کیا گیا، جبکہ مختلف ثقافتی اداروں کے طلبہ نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام اور رقص پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد حاصل کی۔اس موقع پر "اِدو نمّا واہنی کلا ویدیکے” کے صدر کشور کمار کے۔ ایس، گنڈاسی سدانند سوامی، وی۔ ننجنڈپا، سنیتا ناگیش، ڈاکٹر کمار سوامی، ڈاکٹر وی۔ بھرنی راجو، ڈاکٹر پون راج این، ٹیلی ویژن اداکارہ انکیتا جے رام، پروگرام کوآرڈینیٹر چندریکا بی۔ وی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافت، طب، قومی خدمت اور سماجی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔




