بھٹکل کے پہلے مسلم نائطی ڈاکٹر جناب سید احمد برماور عرف ڈاکٹر سائبو

عبد المتین منیری

آج بھٹکل کے پہلے مسلم نائطی ڈاکٹر جناب سید احمد برماور عرف ڈاکٹر سائبو کا یوم وفات ہے، آپ کی رحلت آج سے چالیس سال قبل مورخہ 25 جولائي 1986ء کو واقع ہوئی تھی۔
آپ انجمن حامی مسلمین بھٹکل کے ابتدائی دور کے طالب علموں میں تھے، ممبئی سے آپ نے طبابت میں یم بی بی یس پاس کیا تھا۔ جو اس وقت بہت ہی ایک اہم ڈگری سمجھی جاتی تھی،آپ نے ڈگری کے حصول کے بعد بھٹکل کو اپنی خدمات کے لئے منتخب کیا، جبکہ آپ کو اس زمانے میں بہتر سے بہتر معاشی ترقی کے مواقع حاصل تھے۔ آپ نے تیس سال سے زیادہ عرصہ تک بھٹکل والوں کی خدمت کی اور انہیں علاج ومعالجہ کی بہترین سہولت فراہم کی۔ اس زمانے میں نرسنگ ہوم کا رواج نہیں تھا، بیمار کو دیکھنے آپ گھر گھر جاتے تھے۔
آپ ایک دیندار اور پابند صوم صلاۃ فرد تھے، محسن قوم جناب اسماعیل حسن صدیق مرحوم وغیرہ کی صحبت نے آپ کے مذہبی رجحان کو بہت پختہ کردیا تھا،آپ کو قرآن کا اچھا خاصا حصہ ازبر یاد تھا،آپ سلطان مسجد میں وقتا فوقتا نماز فجر کی امامت بھی کرتے تھے۔ خاص طور پر ہر جمعہ نماز فجر میں آپ کی الم السجدہ کی تلاوت سننے کے لئے نمازی دور دور محلوں سے شوق شوق سے جاتے تھے۔
آپ جیسی شخصیات نے جس طرح مادی ترقی پر قوم کی خدمت کو ترجیح دے کر آئندہ نسلوں کو جو بہترین نمونہ پیش کیا ہے۔ اللہ اس کا نعم البدل عطا کرے، ڈاکٹر سید اشفاق برماورآپ کے فرزند، اور ڈاکٹر سید عبد المہیمن آپ کے پوتے ہیں۔

شیئر کریں۔