بھٹکل(فکروخبرنیوز) بھٹکل واطراف میں ہارٹ اٹیک اور دل کے امراض کے بڑھتے تشویشناک معاملات سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔ ادھر حالیہ دنوں میں ہارٹ اٹیک سے ہونے والی اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان حالات میں بھٹکل کی اندرونِ ہند کی جماعتوں کا متحدہ پلیٹ فارم انڈین نوائط فارم(INF) کی جانب سے دوروزہ مفت کارڈیک کیمپ (دل کے امراض کا کیمپ) کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
آئی این ایف کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق "ون ہارٹ – ون لائف” (One Heart – One Life) مہم کے تحت یہ خصوصی طبی کیمپ 18 اور 19 جولائی 2026ء کو بندر روڈ پر واقع ‘ایم ایم صدیقی ہال’ (تھرڈ کراس) میں منعقد ہوگا۔ اس کیمپ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا، جہاں مریضوں کو دل کی صحت سے متعلق معیاری طبی خدمات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔
ذمہ داران کے مطابق اس کیمپ کا بنیادی مقصد بیماریوں کی بروقت تشخیص، مناسب طبی رہنمائی اور عوامی بیداری پیدا کرنا ہے۔ کیمپ کے دوسرے دن یعنی 19 جولائی کو ملک کے نامور اور سینئر ماہرینِ امراضِ قلب مریضوں کا تفصیلی معائنہ کریں گے، جن میں مائی ہارٹ سینٹر کوزی کوڈ (کیرلا) کے بانی اور 25 سالہ تجربہ کار ڈاکٹر علی فیصل، انڈیانا اسپتال منگلورو کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر یوسف کمبلے، اور ایسٹر میمس (Aster MIMS) کوزی کوڈ (کالیکٹ) کے ڈاکٹر سلمان صلاح الدین اور ان کی ٹیم خصوصی طور پر شامل ہے۔ اس سے قبل 18 جولائی (ہفتہ) کو کوزی کوڈ اور منگلورو کے تجربہ کار فزیشنز مریضوں کی ابتدائی جانچ اور ای سی جی (ECG) رپورٹ کا جائزہ لیں گے اور ضرورت مند مریضوں کو اگلے دن کارڈیالوجسٹ کے پاس ریفر کریں گے۔
کیمپ کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے، جو کہ 12 جولائی 2026ء تک جاری رہے گا۔ خواہش مند افراد آن لائن پورٹل (inf.lyff.app) پر جا کر اپنا نام درج کرا سکتے ہیں۔ جو لوگ آن لائن رجسٹریشن نہیں کر سکتے، وہ سلطان اسٹریٹ پر واقع ویلفیئر اسپتال کے احاطہ میں ‘آئی این ایف ڈائلیسس سینٹر’ پر جا کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ تمام رجسٹرڈ مریضوں کے لیے 9 جولائی سے 15 جولائی کے درمیان نامزد مراکز (ویلفیئر لیبارٹری، ویلفیئر اسپتال بھٹکل اور میڈی لیب ڈائیگنوسٹکس، عیدگاہ روڈ) پر خون کے بنیادی ٹیسٹ بالکل مفت کرانا لازمی ہوگا۔ ٹیسٹ مکمل کرنے والے تمام مریضوں کو 18 جولائی کی صبح 9:45 بجے ایم ایم صدیقی ہال پہنچنا ہوگا، جہاں صبح 10 بجے سے شام 4:30 بجے تک فزیشنز ان کا معائنہ کریں گے۔ آئی این ایف کے صدر جناب آفتاب حسین کولا نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں بھٹکل اور اس کے اطراف کے علاقوں میں نوجوانوں میں دل کے دورے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس نے معاشرے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، اس لیے یہ کیمپ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جنرل سکریٹری محمد عادل ناگرمٹ اور کیمپ کنوینر غفران احمد لنکا نے عوام، خاص طور پر نوجوانوں (مرد و خواتین) سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنہری موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔




