کرناٹک میں 20 جون سے SIR کا آغاز، میپنگ مکمل نہ ہونے پر مشکلات کا خدشہ ، مجلس اصلاح و تنظیم کی عوام سے میپنگ فوری مکمل کرنے کی ہدایت

مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرِ ثانی (SIR) کے تعلق سے ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ رابطہ آفس میں منعقدہ اس پریس کانفرنس میں ایس آئی آرسے متعلق  بیدار کرتے ہوئے بروقت میپنگ مکمل کرنے اور ووٹر لسٹوں میں اپنے ناموں کی تصدیق کی اپیل کی گئی۔

تنظیم کے سیاسی کنوینر ایڈوکیٹ عمران لنکا نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کرناٹک میں 20 جون سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کا عمل شروع ہوگا۔ اس عمل کے تحت ووٹر لسٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ انتقال کر جانے والے، مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہونے والے یا دیگر غیر متعلقہ اندراجات کی نشاندہی کی جا سکے اور انتخابی فہرستوں کو مزید درست اور شفاف بنایا جا سکے۔

میپنگ کیا ہے؟
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ میپنگ دراصل سال 2002 کی ووٹر لسٹ میں موجود ریکارڈ کو موجودہ ووٹر لسٹ کے ساتھ مربوط کرنے کا عمل ہے۔ اگر کسی ووٹر کے والد، والدہ، دادا، دادی، نانا یا نانی کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں موجود ہو تو موجودہ ووٹر کا نام اس ریکارڈ سے جوڑا جا سکتا ہے۔ اس عمل کا مقصد ووٹر کی تفصیلات کی تصدیق اور ریکارڈ کو مضبوط بنانا ہے۔

میپنگ آخری مرحلے میں، 90 فیصد تک پہنچانے کا ہدف
تنظیم کی ایس آئی آر کمیٹی کے کنوینر جناب مبشر ہلارے کے مطابق میپنگ کا عمل اس وقت آخری مرحلے میں ہے اور بھٹکل میں تقریباً 60 سے 70 فیصد میپنگ مکمل ہو چکی ہے۔ تاہم مجلسِ اصلاح و تنظیم کی کوشش ہے کہ یہ شرح کم از کم 90 فیصد تک پہنچ جائے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ جن افراد کی میپنگ ابھی تک مکمل نہیں ہوئی ہے وہ فوری طور پر اپنے بی ایل او (Booth Level Officer) یا متعلقہ مراکز سے رابطہ کریں اور 15 جون سے قبل یہ عمل مکمل کر لیں۔

جن کا نام 2002 کی فہرست میں نہیں، وہ پریشان نہ ہوں
پریس کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ جن افراد یا خاندانوں کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں موجود نہیں ہے، انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسے ووٹرز اپنی شناخت اور رہائش سے متعلق ضروری دستاویزات تیار رکھیں۔ SIR کے دوران بی ایل او کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فارم کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد ان کا معاملہ متعلقہ ضابطوں کے مطابق نمٹایا جائے گا۔

20 جون کے بعد گھر گھر سروے اور فارم کی تقسیم
ذمہ داران نے بتایا کہ 20 جون کے بعد انتظامیہ کی جانب سے گھر گھر جا کر اینیومریشن فارم تقسیم کیے جائیں گے۔ جن ووٹروں کی میپنگ مکمل ہو چکی ہوگی ان کے لیے آئندہ مراحل نسبتاً آسان رہیں گے، جبکہ دیگر افراد کو اضافی دستاویزات پیش کرنے پڑ سکتے ہیں۔

نئے ووٹروں کے لیے 9 جون آخری تاریخ
پریس کانفرنس میں نوجوانوں کو خصوصی توجہ دلاتے ہوئے کہا گیا کہ 18 سال کی عمر مکمل کر چکے افراد کے لیے ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کی آخری تاریخ 9 جون ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے مجلسِ اصلاح و تنظیم کے رابطہ آفس میں بھی اس سلسلے میں خصوصی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے، جہاں مقررہ اوقات میں جا کر اندراج یا دیگر ضروری کارروائی مکمل کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ عمل آن لائن بھی انجام دیا جا سکتا ہے۔

رہنمائی اور ہیلپ لائن سہولت
مجلسِ اصلاح و تنظیم کی جانب سے مختلف علاقوں میں خصوصی کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں۔ کسی بھی قسم کی دشواری یا معلومات کے لیے شہری تنظیم آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہیلپ لائن اور متعلقہ ذمہ داران کے رابطہ نمبرز بھی عوام کو فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رہنمائی پہنچ سکے۔

ہیلپ لائن نمبر
مبشر ہلارے ( کنوینر ایس آئی کمیٹی مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل ) 9972818849

شیئر کریں۔