بنگلورو (فکروخبر نیوز) ریاست کرناٹک میں نئی حکومت کی تشکیل اور کابینہ سازی کو لے کر جاری طویل تجسس کا بالآخر خاتمہ ہو گیا ہے اور نئی کابینہ کے وزراء کی پہلی باضابطہ فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ اس نئی پیش رفت کے مطابق ڈی کے شیوکمار وزیر اعلیٰ اور ڈاکٹر جی پرمیشور نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر ذمہ داری سنبھالیں گے۔ ان دونوں اعلیٰ ترین رہنماؤں کے ساتھ ریاست کے 12 اہم سینیئر لیڈران بھی بطور کابینی وزیر حلف اٹھانے جا رہے ہیں، جن میں ساحلی کرناٹک سے تعلق رکھنے والے سینیئر لیڈر یو ٹی قادر کا نام بھی شامل ہے۔
تاہم، اس پہلی باضابطہ فہرست میں اترا کنڑا (کاروار و بھٹکل) ضلع کے کسی بھی رکن اسمبلی کا نام شامل نہ ہونا اب پورے ضلع میں شدید بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ کئی سینیئراور تجربہ کار قانون سازوں کے حامل ضلع اترا کنڑا کو پہلے مرحلے کی اس فہرست میں جگہ نہیں مل سکی ہے۔ اس لسٹ میں محض 12 اہم چہروں کو موقع دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے خواتین ارکانِ اسمبلی کے ساتھ ساتھ اترا کنڑا کے قائدین بھی فی الحال وزارتی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ اب سیاسی حلقوں میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا اگلے مرحلے کی کابینہ توسیع کے وقت ہائی کمان اترا کنڑا کو ترجیح دے گا؟ اور بقیہ وزارتی عہدوں کو بھرتے وقت ضلع کے کس رہنما کی لاٹری لگے گی، اس پر سب کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں۔




