کاروار (فکروخبر نیوز): محکمہ موسمیات (IMD) اور کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر کی حالیہ پیشگوئی کے پیش نظر ساحلی ضلع اترا کنڑا میں 4 جون سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے اور 6 جون سے شدید موسلا دھار بارش ہونے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مانسون سے پہلے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں تاکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع میں 4 اور 5 جون کو درمیانی بارش ہوگی، جبکہ 6 جون سے 10 جون تک انتہائی شدید بارش ہونے کا قوی امکان ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناگہانی صورتحال اور بارش سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پورے ضلع میں 294 امداادی و نگہداشت کے مراکز (کالج کیندرا) قائم کیے ہیں، جہاں باقاعدہ نوڈل افسران کا تعین کیا گیا ہے۔ جیولوجیکل سروے آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں لینڈ سلائیڈنگ (زمین کھسکنے) کے لیے حساس 439 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن کی مسلسل نگرانی کے لیے خصوصی طور پر ‘اسپاٹرز’ مقرر کر کے انہیں تربیت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مقامی بلدیاتی اداروں کے ذریعے نالوں کی صفائی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ تمام سرکاری اسکولوں، آنگن واڑیوں اور ہاسٹلز کی عمارتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ جاتی سربراہان کو سخت ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ بجلی اور مواصلاتی نظام میں خلل سے نمٹنے کے لیے ہیسکام (HESCOM) اور بی ایس این ایل (BSNL) کو متبادل آلات کے ساتھ الرٹ رکھا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ کلکٹر (ڈی سی) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ روزمرہ کے کاموں کے دوران موسم کی تبدیلیوں پر نظر رکھیں اور حفاظت کو ترجیح دیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے ضلع اور تعلقہ سطح پر 24 گھنٹے کنٹرول روم فعال کر دیے گئے ہیں۔ عوام ضلعی کنٹرول روم کے نمبرات 08382-229857 یا 9483511015 پر اور پولیس کنٹرول روم کے نمبرات 08382-226550 یا 9480805200 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
علاقائی سطح پر تعلقہ وائز ہیلپ لائن نمبرات درج ذیل ہیں:
- کاروار: 08382-223350
- بھٹکل: 08385-226422
- ہوناور: 0837-220262
- کمٹہ: 08386-222054
- انکولہ: 08388-230243
- سرسی: 9448769569
- سداپور: 08389-230127
- یلاپور: 9902571927
- منڈگوڈ: 08301-222122
- ہلیال: 08284-220134
- جوئیڈا: 8310703169
- ڈانڈیلی: 08284-295959




