یو اے ای میں 20 اپریل سے اسکول بس سروس بحال , طلبہ ایک ماہ بعد دوبارہ کلاس رومز میں واپس آئیں گے

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں اسکول بس سروس 20 اپریل سے دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔ اس فیصلے کے تحت سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے اسکولوں میں طلبہ کی آمدورفت معمول کے مطابق شروع ہو جائے گی، جبکہ اسی روز طلبہ ایک ماہ سے زائد عرصے بعد دوبارہ روایتی کلاس روم تعلیم میں واپس آئیں گے۔

وزارتِ تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ مقامی تعلیمی اداروں اور متعلقہ حکام کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ اس سے قبل موجودہ حالات کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر نرسری، کنڈرگارٹن اور اسکولوں کیلئے بس سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی۔ اب حالات میں بہتری کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کو مرحلہ وار مکمل معمول پر لایا جا رہا ہے۔

شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے بھی تصدیق کی ہے کہ امارت میں طلبہ کی ٹرانسپورٹ سروس 20 اپریل سے بحال ہوگی۔ اسی طرح عجمان پرائیویٹ ایجوکیشن افیئرز آفس نے بھی اعلان کیا ہے کہ امارت کے تمام نجی اسکولوں میں بس سروس دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔ اس فیصلے سے والدین اور طلبہ کو بڑی سہولت ملے گی۔

وزارتِ تعلیم نے 17 اپریل کو جاری اپنے سرکاری بیان میں کہا تھا کہ 20 اپریل سے تمام رجسٹرڈ بچوں، طلبہ، تدریسی عملے اور انتظامی ملازمین کیلئے سرکاری و نجی نرسریوں، کنڈرگارٹن اور اسکولوں میں بالمشافہ تعلیم بحال کر دی جائے گی۔ اس اعلان کے بعد ملک بھر میں تعلیمی اداروں نے تیاریوں کا عمل تیز کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق اسکولوں اور دیگر اداروں میں حفاظتی انتظامات، آپریشنل جائزے، تربیتی پروگرامز اور تیاری کے مختلف مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں تاکہ طلبہ اور عملے کیلئے محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ اسی سلسلے میں جامعات میں بھی 20 اپریل سے فیس ٹو فیس کلاسز بحال ہوں گی، تاہم بعض اداروں کو ضرورت کے تحت محدود ہائبرڈ یا آن لائن نظام جاری رکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ 2 مارچ سے علاقائی کشیدگی اور امریکا، اسرائیل اور ایران سے متعلق تنازع کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر فاصلاتی تعلیم کا آغاز کیا گیا تھا۔ بعد ازاں حالات کا جائزہ لیتے ہوئے آن لائن تعلیم کی مدت میں مرحلہ وار توسیع کی گئی تھی تاکہ طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اب جنگ بندی کے نازک ماحول میں اسکولوں اور جامعات کی دوبارہ بحالی کو یو اے ای کے تعلیمی شعبے میں معمولات زندگی کی جانب اہم اور محتاط پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں۔